ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نکسلیوں کا اثر اب کم ہورہا ہے: راجناتھ

نکسلیوں کا اثر اب کم ہورہا ہے: راجناتھ

Mon, 21 May 2018 22:42:30    S.O. News Service

چھتیس گڑھ ،21؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ نکسل ازم ایک چیلنج تھا لیکن اب یہ خطرہ کم ہو رہا ہے اور ملک میں ان کا اثرکم ہو رہا ہے۔وزیر داخلہ یہاں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کی بستریابٹالین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کر رہے تھے۔اس بٹالین کو آج سی آر پی ایف میں شامل کیا گیا اور اس میں ریاست کے نکسل متاثرہ اضلاع سے آئے نوجوان شامل ہیں۔اس بٹالین کو بستریا نام دیا گیا کیونکہ اس کے رکن جنوبی چھتیس گڑھ کے بستر علاقے سے آتے ہیں۔اس علاقے کی سرحد پڑوسی آندھرا پردیش، اڑیسہ اور تلنگانہ سے متصل ہے۔نکسلی سرگرمیوں پر لگام لگانے میں سی آر پی ایف اور چھتیس گڑھ پولیس کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماؤنوازوں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے جوانوں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔سنگھ نے کہا کہ جوانوں کی زندگی کی تلافی معاوضہ سے نہیں ہو سکتی لیکن ان کے تئیں حکومت کی آبار کی علامت کے طور پر یہ طے کیا گیا ہے کہ شہیدوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے سے کم نہیں ملے گا۔وزیر داخلہ نے کہا، کہ نکسل واد اور انتہا پسندی ایک چیلنج ہے لیکن میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ خطرہ اب کم ہو رہا ہے اور اس کا اثرکم ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس خصوصی بٹالین کے قیام کا فیصلہ کسی بھی حالات کا سامنا کرنے کے قبائلی لوگوں کے جرات اورطاقت کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔سنگھ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے درمیان جانی نقصان میں تقریبا 53 سے 55 فیصد کی کمی آئی ہے جبکہ نکسلیوں کے جغرافیائی بازی کی بات کریں تو اس میں 40 سے 45 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔سنگھ نے کہا کہ اس کا سہرا ہمارے سی آر پی ایف اور ریاستی پولیس کے افسران اور جوانوں کو جاتا ہے۔


Share: