نئی دہلی، 28 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہندوستان۔پاکستان سرحد پر کشیدہ حالات کے درمیان کانگریس نے جمعرات کو کہا کہ پاکستان کو ونگ کمانڈر ابھنندن کو فوری طور ہندوستان واپس بھیجنا چاہئے۔اپوزیشن پارٹی نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس مشکل وقت میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے رہنما سیاست کرنے میں مصروف ہیں۔کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے نامہ نگاروں سے کہاکہ پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد فضائیہ کی کارروائی ہوئی۔بی جے پی حکومت نے جب کارروائی کا فیصلہ کیا تو پورا اپوزیشن اور عوام حکومت کے ساتھ کھڑے رہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا طرز عمل بہت قابل تشویش ہے،کانگریس نے سی ڈبلیو سی کے اجلاس اور دوسرے سیاسی پروگرام ملتوی کئے۔دوسری طرف وزیر اعظم ملک کو اور مضبوط کرنے کے بجائے بوتھ کو مضبوط کر رہے ہیں،یہ بدقسمتی کی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم تقریروں میں کہتے ہیں کہ ملک سے فوج سے بڑی ہے، لیکن ہے کہ ان کی سمجھ سے پارٹی ملک سے بڑی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی نے آج ’میرا بوتھ سب سے مضبوط‘مہم کے تحت ملک بھر کے پارٹی کارکنوں سے نمو ایپلی کیشنز کے ذریعے بات چیت کی۔تیواری نے بی ایس یدی یورپا اور گری راج کے کچھ مبینہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا کہ بی جے پی لیڈروں کی مہمات سے پاکستان کے پروپیگنڈے کو مضبوطی ملی ہے۔تیواری نے کہاکہ ونگ کمانڈر ابھنندن نے مشکل وقت میں بہت جرات اور وقار کا ثبوت دیا ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان ونگ کمانڈر ابھنندن کو فوری طور باعزت واپس بھیجے،ان کے ساتھ جو سلوک ہوا ہے وہ جنیوا معاہدہ کی کھلے طور پر خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے لڑاکا طیاروں نے بدھ کو جموں و کشمیر کے پونچھ اور نوشیرا سیکٹر میں ہندوستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی لیکن ہندوستانی طیاروں نے انہیں نکال دیا۔پاکستانی جرات کا جواب دینے کے دوران اس کے ایک طیارے کو مار گرایا گیا، اگرچہ فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھنندن پاکستان کی حراست میں لے لئے گئے۔