ٹمکورو،6/مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک کے ٹمکورومیں آج جمعہ صبح پیش آ ئے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں تمل ناڈو کے دس افراد سمیت 13 لوگ ہلاک ہوگئے جن میں ایک معصوم بچی بھی شامل ہے۔جبکہ مہلوکین میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق تمل ناڈو سے مسافروں کی ٹویرا کار مینگلورو کے قریب دھرمستھلا میں مندر درشن کے بعد واپس لوٹ رہی تھی کہ کرناٹک کے ضلع ٹمکور کے کنیگل میں نیشنل ہائی وے 75پر جمعرات اور جمہ کی درمیانی شب قریب بارہ بجے سڑک کنارے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں مرنے والے تین لوگوں کا تعلق بنگلورو سے ہے۔ حادثے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ تیزرفتار کار سڑک کنارے ڈیوائڈرسے ٹکرانے کے بعد پلٹ گئی تھی جس کے بعد سامنے سے آرہی ایک بنگلورو کار پلٹی ہوئی کار سے ٹکراگئی۔ اس وجہ سے دونوں کاروں میں سوار 17مسافروں میں سے 13افراد کی موت واقع ہوئی ۔ بتایا گیا ہے مہلوکین میں ایک سالہ بچی بھی شامل ہے۔
دوسری کار بنگلورو سے دھرمستھلا جارہی تھی۔
تمل ناڈو کے مہلوکین کی پہچان35سالہ منجوناتھ،25سالہ تنوجا،60سالہ گورما،52سالہ رتنما،27سالہ راجیندر،48سالہ سُندرراج،32سالہ سرل،14سالہ پرشانیا،ایک سالہ مولیا شری کے طور پر کی گئی ہے سبھی کا تعلق ہوسور سے بتایا گیا ہے۔۔
بنگلورو کے تین مہلوکین کی شناخت24سالہ لکشمی کانت،36سالہ سندیپ اور28سالہ مدھو کے طور پرکی گئی ہے۔ بنگلورو کے ایک اور نوجوان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔بنگلورو سے دھرمستھل جانے والی کار میں شراب کی بوتل اور تمباکو دستیاب ہوئی ہے۔اس پورے معاملے کی ٹمکورو ضلع پولیس جانچ کررہی ہے۔