ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاک مقبوضہ کشمیر پر ہندوستانی فوج کی کارروائی 3 کیمپ تباہ،دہشت گردوں سمیت 6تا10 پاکستانی فوجی ہلاک-دوہندوستانی فوجی اورایک شہری شہید

پاک مقبوضہ کشمیر پر ہندوستانی فوج کی کارروائی 3 کیمپ تباہ،دہشت گردوں سمیت 6تا10 پاکستانی فوجی ہلاک-دوہندوستانی فوجی اورایک شہری شہید

Mon, 21 Oct 2019 10:58:03    S.O. News Service

نئی دہلی،21؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کشمیر سے دفعہ 370 کے خاتمہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پیدا ہوئی کشیدگی میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے -پاکستان کی طرف سے مسلسل ہورہی دراندازی کے جواب میں اتوارکے روز ہندوستانی فوج نے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں واقع دہشت گردوں کے کیمپوں پر زبردست حملہ کیا -جس میں 6 سے 10 پاکستانی فوجی ہلاک اور 3 کیمپ تباہ کردئے گئے ہیں - ہندوستانی فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی دہشت گردوں کے کیمپوں کوتباہ کرنے کے لئے آرٹیلری گن کا بھی استعمال کیا گیا ہے - فوجی سربراہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ سرحدی علاقہ میں دہشت گردکیمپوں کے نزدیک آرہے ہیں جس کی وجہ سے ہم نے اپنی فوج کو مستعد کردیاتھا- پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اتوارکو بلااشتعال فائرنگ کی جس میں دوفوجی جوان اورایک شہری ہلاک ہوگئے جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں - ذرائع کے مطابق پاکستان کی حرکت کا جواب دیتے ہوئے ہندوستانی فوجیوں نے اپنے علاقہ سے کنٹرول لائن کے نزدیک ملی ٹینٹس کے لانچ پیڈکو توپ خانہ سے نشانہ بنایا اور پاکستانی بنکروں کو تباہ کردیا -ایک طرف جہاں مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ تمام صورتحال پر فوج کے سربراہ بپن راوت سے بات کررہے ہیں وہیں دوسری طرف پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے کیمپوں کے تباہ ہونے سے بوکھلائے پاکستان نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان میں موجود ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلوالیہ کو طلب کرکے اپنا احتجاج درج کروایا ہے - وہیں پاکستان کا الزام ہے کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرجنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزیاں ہورہی ہیں -پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق ہندوستانی فوج کے تین سیکٹر پر فائرنگ کی ہے اس کا دعویٰ ہے کہ جوابی کارروائی میں 9 ہندوستانی فوجیوں کو مار گرایا ہے - وہیں ہندوستان نے پاکستان کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوابی کارروائی میں کئی پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے -فوجی سربراہ جنرل بپن نے کہا کہ کشمیر میں حالات پرامن ہیں -پاکستان کی کوشش ہے کہ کشمیر کا ماحول پرامن نہ رہنے دیا جائے تاکہ وہ دیگر ممالک کو بتاسکے کہ دفعہ 370 ہٹنے کے بعد سے کشمیر کا ماحول خراب ہے-


Share: