ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پتور میں فرقہ وارانہ گروہی تصادم۔13ملزمین کے خلاف کیس درج

پتور میں فرقہ وارانہ گروہی تصادم۔13ملزمین کے خلاف کیس درج

Tue, 22 Jan 2019 14:39:51    S.O. News Service

پتّور22؍جنوری (ایس او نیوز) ساحلی کرناٹک کے ضلع دکشن کنڑا کے پتور ،  کوکاراڈی گاؤں میں دو فرقوں سے تعلق رکھنے والے گروہوں کے درمیان تصادم میں دونوں فرقوں کے چار افراد زخمی ہوگئے، جنہیں دو الگ الگ اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے ۔

بتایا جاتا ہے کہ ایک پِک اَپ گاڑی میں کچھ لوگ مذہب اسلام سے متعلق علامتوں کے ساتھ کسی پروگرام کی تشہیر کررہے تھے۔ اس دوران کار پر سفر کر رہے رام کرشنا، اجیت ، ششی اور پرکاش نامی نوجوانوں نے اسلامی پروگرام کی تشہیر کرنے والی پک اپ گاڑی پر شراب کی بوتل پھینکی اورمسلم نوجوانوں کی طرف مضحکہ اڑا نے والے اشارے کیے۔اس بات کو لے کر دونوں گروہوں میں تکرار کے بعدمارپیٹ شروع ہوگئی ۔

مارپیٹ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے جعفر اور محمد اصغر کو سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جبکہ رام کرشنا اور اجیت کو آدرش اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔دونوں طبقات سے تعلق رکھنے والے 13افراد کے خلاف اپن انگڈی پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔

جنوبی کینرا کے ایس پی لکشمی پرساد نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور اس جھگڑے میں ملوث بقیہ لوگوں کے خلاف بھی کیس درج کرنے اور انہیں گرفتار کرلینے کی ہدایت دی۔اس کے علاوہ دونوں گروہوں کے زخمی جن اسپتالوں میں داخل ہیں وہاں پر بھی پولیس سیکیوریٹی کا انتظام کردیا گیا ۔ فی الوقت حالات پرامن ہیں اور حالات پر پولس کی گہری نظر ہے۔


Share: