رانچی،22؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) لالو پرساد یادو کو آج ڈورنڈہ جیل سے جڑے چارہ گھوٹالہ معاملے میں سزا سنائی گئی۔ سی بی آئی کی خصوصی کورٹ نے انھیں پانچ سال قید کی سزا سنائی اور ساتھ ہی ان پر 60 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ سی بی آئی اسپیشل کورٹ کے جج ایس کے ششی نے یہ فیصلہ سنایا۔ بعد ازاں لالو پرساد کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ ضمانت کے لیے جلد ہی عرضی داخل کی جائے گی۔ جب تک ضمانت نہیں مل جاتی، اس وقت تک لالو پرساد کو جیل میں ہی رہنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ ڈورنڈہ خازنہ میں ہوئے چارہ گھوٹالہ کا معاملہ چارہ گھوٹالوں میں سب سے بڑا معاملہ تھا۔ چارہ گھوٹالہ میں لالو پرساد کو اہم سازشی بتایا گیا ہے۔ سی بی آئی کی طرف سے کہا گیا تھا کہ لالو یادو جب وزیر مالیات، وزیر اعلیٰ تھے تو ان کی ناک کے نیچے یہ سب کچھ ہوا، یعنی یہ سب ان کے علم میں تھا۔