بنگلورو،4؍اکتوبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے آج شہر کے کیمپے گوڈا میٹرو اسٹیشن میں بی ایم ٹی سی اور کے ایس آر ٹی سی بس اسٹانڈ کو جوڑنے والے راہگیر بالائی پل میٹرو اسٹیشن میں داخلے کے نئے راستے اور بیپنا ہلی اور میسور کے درمیان دوڑنے والی 6 بوگیوں پر مشتمل میٹرو ٹرین کی خدمات کا آغاز کیا۔ 1.4 کروڑ روپیوں کی لاگت پر 100میٹر کا راہگیر پل کے ایس آر ٹی سی اور بی ایم ٹی سی بس اسٹانڈوں کو جوڑنے کے لئے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس پل کی مدد سے گاندھی نگر ، آنند راؤ سرکل اور آس پاس کے علاقوں سے آنے والے لوگ کے ایس آر ٹی سی اور بی ایم ٹی سی بس اسٹانڈوں کے درمیان آمد ورفت کرسکیں گے۔ اس پل کی مدد سے میٹرو اسٹیشن میں داخلہ بھی آسان ہوجائے گا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے چھ بوگیوں پر مشتمل میٹرو ٹرین کو بھی آج ہری جھنڈی دکھائی۔ بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن نے 1463کروڑ روپیوں کی لاگت پر بوگیوں کی فراہمی کا ٹھیکہ دیا تھا، اور اس کے لئے رقم بھی جاری کردی گئی تھی، چھ بوگیاں فوری طور پر فراہم کردی گئی ہیں، آج چھ بوگیوں کی فراہمی کے بعد جون 2019تک باقی 144 بوگیوں کی فراہمی بھی کردی جائے گی۔ اس موقع پر کمار سوامی نے بنگلور انٹرنیشنل ایگزی بیشن سنٹر میں منعقد اسمارٹ ایشیاء کانفرنس میں شرکت کے لئے میجسٹک سے میٹرو میں ہی سفر کیا، ان کے ہمراہ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔