ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈانڈیلی میں لڑکے کو مگرمچھ اپنے منہ میں دبوچ کرفرار ہونے کے بعد آج لڑکے کی نعش برآمد

ڈانڈیلی میں لڑکے کو مگرمچھ اپنے منہ میں دبوچ کرفرار ہونے کے بعد آج لڑکے کی نعش برآمد

Tue, 26 Oct 2021 17:40:37    S.O. News Service

ڈانڈیلی 26 اکتوبر (ایس او نیوز)  دو روز قبل کالی ندی میں مچھلیوں کا شکار کرنے کے دوران  جس لڑکے کو مگرمچھ نے اپنے منہ کا نوالہ بنا لیا تھا اور دو دن سے   مگرمچھ  سمیت لڑکے  کو تلاش کیا جارہا تھا، آج منگل کو نوجوانوں کی ایک ٹیم نے مگر مچھ کے حلق  میں سے  لڑکے کی نعش برآمد کرلی ہے۔

اتوار کو ڈانڈیلی کے ونائک نگر کے رہائشی  معین ابن محبوب علی (15)  کالی ندی کنارے بیٹھ کر ڈور اور کانٹے کی  مدد سے مچھلیوں کا شکار کررہا تھا کہ اچانک ندی میں سے مگرمچھ   لڑکے  پر حملہ آور ہو گیا تھا اور لڑکے کو کھینچتے ہوئے  پانی کے اندر اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ واردات کے بعد پورے شہر میں ماتم چھا گیا تھا اور  لوگ مگرمچھ کے اس طرح معصوم لڑکے کا شکار کرکے فرار ہونے پر تشویش کا اظہار کررہے تھے۔ اُدھر لڑکے کے گھر والوں پر یہ خبر بجلی بن کر گری تھی اور والدین   سخت پریشان تھے۔

دو دنوں سے  کالی ندی میں محکمہ جنگلات کے  اہلکاروں کے تعاون سے   نوجوانوں کی ٹیمیں ربر بوٹ اور کشتیوں کی مدد سے لڑکے اور مگرمچھ کو تلاش کررہے تھے،  مگرمچھ  ان لوگوں کے ساتھ انکھ مچولی کھیل رہا تھا،  بتایا گیا ہے کہ  پیر کو تین چار مرتبہ  مگرمچھ لوگوں کو نظر آگیا تھا جس کے منہ میں لڑکے کو دیکھا گیا تھا مگر پکڑنے کی کوشش کے دوران   پھر انکھ سے اوجھل ہوگیا تھا، آج نوجوانوں نے  مگرمچھ کو  پکڑنے  کا پہلے  پلان تیار کیا، پھر اُسی  پلاننگ کے تحت کاروائی انجام دی گئی۔ صبح  قریب گیارہ بجے جیسے ہی  مگرمچھ نظر آیا۔ نوجوانوں نے اپنے پلان کے مطابق  کاروائی شروع کی اور لڑکے کی نعش کو   کافی جدوجہد کے بعد  مگرمچھ کے حلق میں سے باہر کھینچ نکالا۔ لڑکے کا ایک ہاتھ مکمل طور پر مگرمچھ نگل چکا ہے، باقی دھڑ محفوظ ہے۔

نعش کو کنارے لانے کے دوران عوام کی بڑی بھیڑ ندی کنارے جمع تھی۔

 

اس  خبر  کے متعلق  اس  سے قبل شائع رپورٹ:

ڈانڈیلی میں مچھلی کا شکار کرنے کے دوران اچانک مگرمچھ کا حملہ؛ لڑکے کو لے کر مگرمچھ فرار؛ تلاشی مہم جاری


Share: