ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈھائی گھنٹہ انتظار کے باوجود ایمبولنس ندارد؛ چتردرگہ میں حاملہ خاتون کو جانوروں کی گاڑی پر اسپتال منتقل کرنا پڑا؛ عوام نے اُٹھائے سوالات

ڈھائی گھنٹہ انتظار کے باوجود ایمبولنس ندارد؛ چتردرگہ میں حاملہ خاتون کو جانوروں کی گاڑی پر اسپتال منتقل کرنا پڑا؛ عوام نے اُٹھائے سوالات

Fri, 21 Dec 2018 19:51:47    S.O. News Service

چتردرگہ21/ڈسمبر (ایس او نیوز) ڈھائی گھنٹے تک ایمبولنس کا انتظار کرنے کے باوجود جب ایمبولنس نہیں پہنچی تو پیٹ کے درد سے بلکتی حاملہ خاتون کو بالاخر بکریوں کی گاڑی پر اسپتال لے جانے کی واردات جمعہ کو چتردرگہ کے ہیریور تعلقہ میں پیش آیا ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  ہیریور تعلقہ کے ماریکنوے دیہات کی حاملہ خاتون  لکشمّکا  کو آج صبح جب پیٹ میں درد شروع ہوا تو  تعلقہ کے سرکاری اسپتال لے گئے، لیکن وہاں  ڈاکٹر کی غیر موجودگی کی وجہ سے اسے  ضلعی اسپتال منتقل کرنے کے لئے کہا گیا۔ ضلع اسپتال لے جانے کے لئے جب اس کے شوہر مہالنگپّا نے  ایمبولنس کو فون کیا تو ڈھائی گھنٹے کے طویل انتظار کرنے کے بائوجود ایمبولنس نہیں پہنچی،  اُدھر خاتون کے پیٹ کا درد بڑھنے لگا جس سے پریشان  شومہالنگپّا نے پرائیویٹ گاڑی تلاش کرنی شروع کردی، جلدی جلدی میں  جب کوئی سواری نہیں مل سکی تو  مرتا کیا نہ کرتا، بکریوں کو لادنے والی ایک سواری کو ہی بُک کرلیا اور اپنی بیوی کو اُسی پر سوار کرکے ضلع اسپتال لے گیا۔بکریوں کو لادنے والی اس منی لاری پر جگہ کافی تنگ تھی، مگر بحالت مجبوری اس سواری پر حاملہ خاتون کے ساتھ شوہر اور تین دیگر خواتین بھی سوار ہوگئی اور  قریب 35 کلو میٹر دور ضلعی اسپتال میں حاملہ خاتون کو ایڈمٹ کرانا پڑا۔

واقعے کے بعد عوام حیرت کا اظہار کررہے ہیں کہ ایمبولنس کے لئے آخر ایک مریضہ کو  ڈھائی گھنٹے تک انتظار کیوں کرنا پڑا، اور اتنا انتظار کرنے کے باوجود ایمبولنس اسے لینے کیوں نہیں پہنچی ؟ عوام سوال کررہے ہیں کہ سرکارکی جانب سے سرکاری اسپتال میں ہر طرح کی سہولیات فراہم کئے جانے کا  دعویٰ کیا جاتا رہا ہے، مگر یہاں  ایک خاتون کو بکریوں کی گاڑی میں سوار کرنے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی ؟


Share: