کاروار 29 / مئی (ایس او نیوز) شیموگہ ضلع کے جوگ میں واقع 'مہاتما گاندھی ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ' میں بجلی کی تیاری شروع ہو کر 70 سال گزر چکے ہیں مگر وہاں سے ضلع کو بجلی سپلائی کرنے والی جو لائن لگائی گئی اس کی مرمت اور تبدیلی کا کام آج تک نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ بہت پرانی اور خستہ حالت میں آگئی ہے ۔ اب اس 127 کلو میٹر سپلائی لائن کے کیبلس، کھمبے، ٹاورس، انسولیٹرس اور دیگر آلات و پرزے بدلنے کا منصوبہ زیر تکمیل ہے جس کی لاگت 58 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے ۔ اس کی وجہ سے آئندہ ضلع شمالی کینرا میں بجلی سپلائی کی حالت بہتر ہونے کی توقع ہے ۔
کرناٹکا پاور کارپوریشن لمیٹیڈ (کے پی ٹی سی ایل) کے ایک افسر نے بتایا کہ جوگ میں واقع پاور پلانٹ سے شمالی کینرا، ہبلی اور دوسرے علاقوں کے لئے بجلی فراہمی کی یہ اہم ترین لائن ہے ۔ پاور پلانٹ سے ہلیال کے امبے واڈی اور کاول واڈا تک بجلی لے جانے والی اس 127 کلو میٹر لمبی لائن کی مرمت کا منصوبہ 10سال پہلے منظور ہوا تھا مگر محکمہ جنگلات کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے منصوبہ کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ۔ مگر اب کام کو تیزی سے نپٹایا جارہا ہے ۔ اب تک 100 کلو میٹر تک کام مکمل ہوگیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ 120 کلو میٹر تک بجلی کے پرانے کیبل بدل کر ان کی جگہ نئے کیبل ڈالے جائیں گے ۔ پرانے کیبلس میں 30 میگاواٹ بجلی لے جانے کی صلاحیت تھی اور اب جو کیبل ڈالے جارہے ہیں اس کے ذریعے 60 میگا واٹ بجلی لے جائی جا سکے گی ۔ ایک ہزار سے زائد لنکس کنڈکٹرس استعمال کیے جائیں گے ۔
کے پی ٹی سی ایل کے اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر ایس جی ہیگڈے نے بتایا " 1952 میں سے پاور پلانٹ کا پروجیکٹ شروع ہوا تھا تب سے اب تک اس کے بہت سے آلات اور پرزے بدلے نہیں گئے ۔ جنگلاتی علاقے میں ٹاورس ہونے کی وجہ سے مرمت کے لئے اجازت نہیں مل رہی تھی ۔ اب اس مرمتی منصوبہ کے تحت جوگ سے سرسی تک 177 ٹاورس سے بدلے گئے ہیں ۔ وہاں سے امبے واڈی تک بقیہ 223 ٹاورس بھی بدل دئے جائیں گے ۔"
ہیسکام کے ایک آفیسر نے بتایا کہ ضلع شمالی کینرا میں 'سب گرِڈس' مناسب مقدار میں نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی میں دقت ہوتی ہے ۔ اسے حل کرنے کے لئے 23 نئے سب گرڈس بنائے جارہے ہیں ۔ کمٹہ کے دیوگی میں 220 کے وی کا ایک گرڈ تعمیر کیا جارہا ہے جس پر 800 کروڑ روپے کا خرچ آئے گا ۔ اس کے علاوہ 15 نئے سیکشن آفس بھی قائم کیے جائیں گے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ضلع کے مختلف مقامات پر جو نئے سب گرڈس بنائے جارہے ہیں اس میں بھٹکل شہر میں 110 کے وی کا گرڈ بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ بھٹکل کے سرپن کٹہ میں بھی 33 کے وی کا سب گرڈ قائم کیا جائے گا ۔