کاروار:26/جنوری (ایس او نیوز) کم ظرفی ،تنگ نظری اور متعصبانہ ذہنیت سےپاک ہوکر ملک کی سالمیت ، یک جہتی کے لئے تمام لوگوں کو ایک جٹ ہو کر کام کرنے کی اترکنڑا ضلع نگراں کار وزیر آر وی دیش پانڈے نے اپیل کی۔ وہ یہاں جمعرات کو پولس پریڈ میدان میں منعقدہ یوم جمہوریہ کی تقریب میں پرچم کشائی کے بعد عوام سے خطاب کررہے تھے۔
وزیر موصوف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس زمین کی شاہانہ تہذیب کو مزید روشن کرنے کے سلسلے میں بھائی چارگی ، یک جہتی کو اور مضبوط کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اصول و ضوابط، خیالات میں اختلاف ہونے کے باوجود دستور کے زیر سایہ آپسی عزت ، رواداری کے ساتھ جینے کا تہیہ کرتے ہوئے دستور ی منشاء کو مستحکم کرنا چاہئے۔ انہوں نے ضلع کی ترقی کے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کی ترقی کے لئے کئی سارے منصوبہ جات کو نافذ کیا جا رہا ہے۔ کاروار کے ساحل پر تھیم پارک کی تعمیر جاری ہے، ضلع کے تمام بندرگاہوں میں لنگر کی تعمیر، بندرگاہوں کو منسلک کرنے کے لئے سڑکوں کی تعمیر کے لئے ٹینڈر بلایا گیا ہے۔کالی ندی سےہلیال تعلقہ کے 42تالاب اور 19بیاریج کو پانی سپلائی کا منصوبہ نفاذ کے قریب ہے، جس کے نتیجے میں ہلیال تعلقہ میں قریب 17ہزار ایکڑ زمین کو سیراب کرنا مقصود ہے۔
پرچم کشائی کے بعد وزیر موصوف نے کھلی جیپ میں تمام دستوں کی سلامی لی۔ 14مختلف دستوں نے پریڈ میں شریک ہوکر شاندار مارچ پاسٹ کیا۔ اسکول اور کالج کے طلبا نے ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ ملک کے مشہور’’ پدم شری ‘‘ ایوارڈ سے نوازی گئی سکری بوم گوڈا اور گریش بھاردواج کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے وزیر نے تہنیت پیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ ضلع کے سرکاری محکمہ جات میں بہترین فرائض انجام دینے والے 6سرکاری ملازمین کو سرؤتم ایوارڈ سے نوازاگیا۔ جوئیڈا تعلقہ سرکاری اسپتال کے میڈیکل افسر ڈاکٹر سنگپا این گابی، کاروار سی آر زیڈ دفتر کے علاقائی ڈائرکٹر منجوناتھ ناوی ، کمٹہ گوکرن کے معاون تحصیلدار یشودھا لکومنے، محکمہ سماجی فلاح وبہبودی کے رمیش این نائک، ڈی سی دفتر کے معاون ایس ایم ہیرے مٹھ، سرسی پنچایت راج محکمہ کے معاون سوریا کانت کانڈے کی تہنیت کی گئی ۔ ہیاولس ادارے کی طرف سے عطیہ کئے گئے 32مشینی سہ پہیہ سواریوں کو وزیر نے مستحقین کے درمیان تقسیم کئے۔ اسی موقع پر وزیر موصوف نے شاہراہ کی گشت کے لئے مہیا کئے گئے 6سہولیات سے آراستہ سواریوں کا اجراء کیا۔ رکن اسمبلی ستیش سئیل ، ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، نائب صدر سنتوش رینکے ، بلدیہ صدر گنپتی نائک، ڈی سی ایس ایس نکول ، ایس پی وی وی پاٹل ، ضلع پنچایت آفیسر ایل چندرشیکھرنایک وغیرہ ڈائس پر موجود تھے۔