ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: پاکستان کے ساتھ1971کی جنگ میں شہیدفوجیوں کوپیش کیا گیا خراج عقیدت

کاروار: پاکستان کے ساتھ1971کی جنگ میں شہیدفوجیوں کوپیش کیا گیا خراج عقیدت

Sun, 16 Dec 2018 21:08:19    S.O. News Service

کاروار 16؍دسمبر (ایس او نیوز)1971میں پاکستان کے ساتھ جنگ میں جوہندوستانی فوجی شہیدہوئے تھے ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے کہا کہ دیش کے لئے اپنی جان قربان کرنے والوں کو یاد رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔

اتوار کے دن رابندرناتھ ٹیگور ساحل پرواقع شہیدوں کی یادگارکے قریب منعقدہ ’یوم فتح‘پروگرام کی مناسبت سے سابق فوجیوں کی  کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ1971میں بھارت اور پاکستان کے بیچ بنگلہ دیش کے مسئلے پر جوجنگ ہوئی تھی اور16دسمبرکو اس میں ہندوستان کو فتح حاصل ہوئی تھی، اس کی یاد ہر سال منائی جاتی ہے۔دیش میں امن وامان بنائے رکھنے اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر مامورفوجی ملک کے لئے اپنا جیون دان کررہے ہوتے ہیں۔ان کے ساتھ یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ڈی سی نے مزید کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور پیار کا برتاؤ کرنا چاہیے اورآپس میں اتحاد قائم رکھنا چاہیے۔

مہمان خصوصی کے بطور حاضر ہونے والے نیول آفیسر دنیش سنگھ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوجیوں کے ایثار اور قربانی سے دیش میں امن قائم رہتا ہے۔ آزادی کے مزے ہمیں نصیب ہوتے ہیں۔نوجوانوں کو چاہیے کہ ملک کی آرمی، نیوی اور ہوائی فوج میں شامل ہونے کی کوشش کریں۔ریٹائرڈ کموڈورارون کمار نے کہا کہ فوج میں سب برابر ہوتے ہیں۔ وہاں ذات پات ، زبان، مذہب جیساکسی قسم کا کوئی فرق نہیں ہوتا۔صرف مادروطن کی حفاظت کرنا ہی ایک مقصد ہوتا ہے۔ایسی ہی برابری اور یکسانیت کا رواج عوام کی زندگی میں بھی پھلنا پھولناچاہیے۔

اس موقع پر آرمڈ فورس فلیگ 2018کا علامتی اجراء کیا گیا۔ اس کے علاوہ پروگرام کے دوران جنگ میں شہید ہونے والے فوجی وجیا نندکی ما ں ودیا نائک، راجن کوٹارکرکی ماں کملابائی، منوہر کلگڈکر کی بیوی گنگا بائی، ماروتی پاٹل کی بیوی ریشما اور گیتا گولکر کی تہنیت کی گئی ۔ریٹائرڈ کمانڈر اندو پربھا نے استقبالیہ خطاب کیا۔ محکمہ بندرگاہ کے آفیسر سریش شیٹی نے پروگرام کی نظامت کی۔ ضلع پنچایت چیف ایکزیکٹیو آفیسر ایم روشن اور ضلع پولیس ایس پی ونائیک پاٹل موجود تھے۔


Share: