کاروار، 22؍ اپریل (ایس او نیوز)ریاستی حکومت کی طرف سے کووِڈ پر قابو پانے کے لئے جو گائڈ لائنس جاری کی گئی ہیں اس پر سختی کے ساتھ عمل پیرائی کرنے کی ہدایت ڈپٹی کمشنر نے جاری کی ہے۔
اپنے دفتر سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تمام اسسٹنٹ کمشنروں سے مخاطب ہوکر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہفتہ کے آخری دو دن اور تین راتوں کا جو مکمل لاک ڈاون ہے اور بقیہ دنوں میں صرف رات کا جو کرفیو ہے اسے پورے ضلع میں پوری سختی کے ساتھ نافذ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ لاک ڈاون کے دوران کون کون سی دکانیں کھلی رہیں گی اور کونسی سواریوں کو سڑکوں پر دوڑنے کی اجازت ہوگی، کونسے دفاتر کھلے رہیں گے اور کس کاروبار کو بند رکھا جائےگا، کون کونسی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی اور کس پر پابندی ہوگی اس کی تمام تفصیلات ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے سرکیولر میں درج ہے۔ افسران کو چاہیے کہ اسی کے مطابق عمل پیرائی کریں ۔ اور ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ بنائے رکھنے کے علاوہ دیگر گائڈ لائنس کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ قانون کے تحت کیس بھی درج کیے جائیں۔
اسی دوران ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے کل 21 اپریل کی شام کو جاری بلیٹین کے مطابق شمالی کینرا میں 169 کووِڈ کے معاملے درج ہوئے ہیں، ایک مریض کی موت واقع ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ تازہ معاملے ہلیال میں سامنے آئے ہیں جہاں 38 افراد پوزیٹیو نکلے ہیں۔ کاروار 35، سرسی 22، منڈگوڈ 20، یلاپور 19، جوئیڈا 9، کمٹہ 8، انکولہ 6، ہوناور 5، بھٹکل 4 اور سداپور میں 3 پوزیٹیو کیسس نکلے ہیں۔ اس طرح ضلع شمالی کینرا میں اس وباء سے اب تک متاثر ہونے کی تعداد 16534 ہوگئی ہے۔