ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کے رویہ، چال چلن اور سوچ میں ہے ایمرجنسی کا ڈی این اے: بی جے پی

کانگریس کے رویہ، چال چلن اور سوچ میں ہے ایمرجنسی کا ڈی این اے: بی جے پی

Wed, 27 Jun 2018 00:55:38    S.O. News Service

نئی دہلی،26جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی نے ایمرجنسی کی 43 ویں برسی کے موقع پر کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے بھلے ہی اس حرکت کے لئے معافی مانگ لی ہے لیکن اس کے رویہ، چال چلن اور سوچ میں ایمرجنسی کا ڈی این اے اب بھی دکھائی دیتا ہے۔

مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر روی شنکر پرساد نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ایمرجنسی کے 43 سال گذر جانے کے بعد آج کا فطری سوال یہ ہے کہ کیا کانگریس کے رویے میں کوئی تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے بھلے ہی ایک بار اس کے لئے معافی مانگی ہے لیکن رویہ، چال چلن اور سوچ ابھی بھی ویسا ہی ہے۔ کانگریس کے ڈی این اے میں ایمرجنسی کے اثرات صاف دکھائی دیتے ہیں۔

مسٹر پرساد نے کہا کہ کانگریس الیکشن ہارتی ہے تو الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور الیکشن کمیشن کومورد الزام ٹھہراتی ہے ۔ جیت جاتی ہے تو سب ٹھیک رہتا ہے۔آرمی چیف پر حملہ کرتی ہے۔ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر تک کو نشانہ بناتی ہے ۔ عدلیہ کے ساتھ اس کا رویہ دھمکانے والا رہا ہے۔ اجودھیا کے معاملے میں کپل سبل نے عدالت سے کہاکہ 2019سے پہلے رام مندر کا معاملہ نہ سنا جائے۔ اسی طرح سے چیف جسٹس کے خلاف تحریک ملامت چلانے کی دھمکی دے کر عدلیہ کو پیغام دینے کی کوشش کی ۔

انہوں نے کہاکہ بار بار شکست سے دوچار کانگریس عدالت کے گلیارے سے ملک نہیں چلا سکتی ہے۔ کانگریس کے اس طرح کے رویے سے ایمرجنسی کے زخم 43 سال بعد آج بھی تازہ ہیں۔


Share: