ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں اچانک لاک ڈاون؛ بنگلور اور میسور سمیت ریاست کے متعدد شہروں میں پولس نے بند کروائے کاروباری ادارے

کرناٹک میں اچانک لاک ڈاون؛ بنگلور اور میسور سمیت ریاست کے متعدد شہروں میں پولس نے بند کروائے کاروباری ادارے

Thu, 22 Apr 2021 15:42:29    S.O. News Service

بھٹکل 22 اپریل (ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے کوویڈ۔19 وباء پر قابو پانے کے لئے کل بدھ کو   پورے کرناٹک میں امتناعی احکامات دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے نائٹ کرفیو کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن  آج جمعرات کو اچانک  پولس  کی طرف سے بنگلور اور میسور میں دکانوں کو بند کروانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ٹی وی میڈیا پر  دی گئی ا طلاع کے مطابق دوپہر قریب 12:30 بجے  بنگلور،  میسور، داونگیرے، ٹمکور،   بیلگام سمیت مختلف شہروں میں  اچانک پولس نے اعلان کرنا شروع کردیا کہ لوگ اپنی اپنی دکانوں کو بند کرکے گھر چلے جائیں۔ لوگوں  نے وجہ جاننے کی کوشش کی تو اُنہیں بتایا گیا  کہ سرکار کی جانب سے ابھی نئی گائیدلائن جاری کی گئی ہے جس کے مطابق پوری ریاست  کو   مکمل لاک ڈاون  کیا جارہا ہے۔

غیر اعلان شدہ   لاک ڈاون  کے تحت اب ریاست کے مختلف شہروں اور علاقوں میں پولس کی جانب سے دکانوں اور کاروباری اداروں کو بند کرنے کی اطلاعات ملی ہیں، وہیں اچانک  کاروبار کو بند کرنے کا حکم دینے پر  دکانداروں کی جانب سے سخت ناراضگی ظاہر کی جارہی ہے۔ لوگوں  نے بتایا کہ ہمیں  نائٹ کرفیو کے تعلق سے اور ویکینڈ کرفیو کے بارے میں بتایا گیا تھا  پھر اچانک آپ ہمیں بند کرنے کے لئے کیوں کہہ رہے ہیں، ہمیں پہلے ہی اس کی اطلاع کیوں نہیں دی گئی ؟

میڈیا  میں آرہی خبروں کے مطابق  حکومت نے نئی گائیڈلائنس جاری کی ہے  جس کے تحت روزمرہ کی ضروری اشیاء کی دکانوں اور میڈیکل شاپس  کو  چھوڑ کر تمام دکانوں کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نئی گائیڈ لائنس کے تحت  بڑے  شہروں میں  آج دوپہر  سے ہی پولس نے  مارکٹ پہنچ کر عوام کو اپنا کاروبار بند کرنے کا حکم دیا اور  بازار کو زبردستی بند کروادیا ۔

بتایا جارہا ہے کہ 4 مئی تک پورے کرناٹک میں لاک ڈاون رہے گا، صرف ضروری اشیاء اور فارمیسی کو چھوڑ کر  کسی بھی طرح کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت نہیں رہے گی،   ٹی وی میں دکھایا جارہا ہے کہ بنگلور بازار  میں پولس  کی گاڑیوں پردکانداروں کے لئے  اعلان کیا جارہا تھا کہ وہ اپنی دکانیں بند کریں ۔ 

فی الحال بھٹکل میں  شام چار بجے تک  مارکٹ اوپن تھی اور  دکانوں میں کاروبار معمول کے  مطابق جاری تھا، مگر کہا جارہا ہے کہ    بھٹکل سمیت دیگر تعلقہ جات اور چھوٹے شہروں میں کل جمعہ سے مکمل لاک ڈاون  نافذ کیا جائے گا اور عوام کو گھروں سے باہر نکلنےپر پابندی عائد کی جائے گی۔ فی الحال اس تعلق سے سرکار کی جانب سے  کوئی  حکمنامہ  میڈیا والوں کو فراہم نہیں کیا گیا ہے مگر ذرائع  سے پتہ چلا ہے کہ   اب کرناٹک میں نائٹ اور ویکینڈ کرفیو ہی نہیں بلکہ 4 مئی تک مکمل لاک ڈاون نافذ  ہوگا۔

ٹی وی نائن  نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ   آج دوپہر کو وزیراعلیٰ یڈی یورپا    جو چھ روز قبل  کورونا رپورٹ پوزیٹیو آنے پر اسپتال میں ایڈمٹ تھے،  آج اپنا  علاج مکمل ہونے اور کورونا رپورٹ نیگیٹیو آنے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج ہوئے تو اپنے گھر کا رُخ کرنے کے دوران دیکھا کہ  بنگلور میں تمام دکانیں کھلی  ہیں  اور عوام  کثیر تعداد میں خریداری میں  مصروف   ہیں، اس  کو دیکھتے ہوئے انہوں نے  نیا حکمنامہ جاری کیا کہ   مکمل لاک ڈاون نافذ کیا جائے۔ کہا جارہا ہے کہ اسی کے تحت  دکانوں کو بند کروایا گیا۔


Share: