ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کے مفادات سے کھلواڑ ناقابل برداشت: کمار سوامی

کرناٹک کے مفادات سے کھلواڑ ناقابل برداشت: کمار سوامی

Thu, 01 Nov 2018 20:53:20    S.O. News Service

بنگلورو، یکم نومبر (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے کہا ہے کہ کنڑا اور کرناٹک کے مفادات کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے ساتھ انتہائی سختی کا رویہ اپنایا جائے گا۔

آج شہر میں محکمۂ تعلیمات عامہ کی جانب سے منعقدہ یوم راجیواتسوا تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے کہاکہ آج متحدہ کرناٹک ریاست کا قیام اگر ہوا ہے تو اس کے لئے بہت ساری قربانیاں دینے پڑیں ، اس متحدہ کرناٹک کو قائم رکھنا ہر ایک کا فرض ہے ، اس میں کسی بھی طرح کی غفلت نہیں برتی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت اس بات کی پابند ہے کہ تمام اضلاع کی ہمہ جہت ترقی کے لئے جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس بات سے انکار نہیں کہ کنڑا ریاست کی سب سے مقدم زبان ہے، لیکن بین الاقوامی سطح پر مسابقت میں کرناٹک کے طلبا کو بہتر مواقع ملیں اس کے لئے حکومت کنڑا کے ساتھ انگریزی تعلیم کا موقع فراہم کرنے کے لئے تیار ہے، لیکن کسی بھی حال میں انگریزی کو تعلیم نظام پر غالب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی حکومت اس سمت میں کام کررہی ہے کہ کرناٹک کو ایک مستحکم اور ترقی پرور ریاست بنایا جائے۔ سیاسی عدم استحکام پھیلانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابل ریاست کو سب سے آگے رکھنے کے لئے جو بھی ممکن ہوسکے وہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ 12سال قبل جب متحدہ کرناٹک کی تشکیل کے 50سال سورنا کرناٹکا کے طور پر انہی کی حکومت میں منائے تھے، اس وقت ہی انہوں نے عزم کیاتھا کہ ریاست میں کنڑا کو عام کرنے کے لئے جو بھی ممکن ہوسکے کیا جائے گا۔ سرکاری اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں سدھار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جن سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی تجدید ومرمت درکار ہے اسے تیزی سے پورا کیا جائے گا۔

نجی تعلیمی اداروں سے مسابقت میں سرکاری تعلیمی ادارے پیچھے نہ رہیں اس کے لئے تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ کمار سوامی نے کہاکہ بحیثیت وزیر اعلیٰ انہوں نے جنتا درشن کے ذریعے ہزاروں لوگوں سے ملاقات کرکے ایک تجربہ یہ بھی حاصل کیا ہے کہ بے روزگاری ہمارے معاشرے میں عام ہے۔ اس کے لئے انہوں نے منصوبہ مرتب کیا ہے کہ ہنر مندی کو بڑھاوا دیا جائے اور سرکاری طور پر روزگار میلے لگائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ فروغ ہنر کے لئے حکومت کی طرف سے ایک مخصوص یونیورسٹی کے قیام کی طرف بھی توجہ دی جارہی ہے۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی جناب روشن بیگ نے جلسے کی صدارت کی ۔تقریب میں میئر گنگامبیکا ملیکارجن اور دیگر اعلیٰ عہدیدار وغیرہ موجود تھے۔


Share: