بنگلورو،29؍دسمبر (ایس ا و نیوز) کرناٹکا لیجسلٹیو کاونسل کے ڈپٹی چیر مین اور جنتا دل لیڈرایس ایل دھرمے گوڈ ا (65سال)نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی ہے۔ ان کے آبائی شہرچکمگلورو کے گن ساگر ریلوے ٹریک کے قریب آج صبح 2بجے ان کی لاش چیتھڑوں کی شکل میں دستیاب ہوئی ہے جس کے ساتھ ایک خودکشی سے متعلق نوٹ بھی ملا ہے۔
یاد رہے کہ چند دن پہلے کرناٹکا اسمبلی میں کانگریس اور بی جے پی اراکین کی جو ہنگامہ آرائی ہوئی تھی اس میں کانگریسی اراکین نے دھینگامشتی کرتے ہوئے دھرمے گوڈا کو اسمبلی کے ایوان بالا کی کرسیٔ صدارت پر سے زبردستی گھسیٹ کر اتارا تھا۔کانگریسی اراکین کا موقف یہ تھا کہ جنتا دل ایس کےدھرمے گوڈا نے بی جے پی سے ساز باز کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر اسمبلی کی صدارت کرنے کی کوشش کی تھی تاکہ ایوان بالاکے صدر کانگریسی لیڈر پرتاب چندرا شیٹی کوان کی کرسی سے ہٹایا جائے۔ کہا جاتا ہے کہ اس ہنگامہ اور دھینگا مشتی کے بعد دھرمے گوڈا بہت دکھی اوررنجیدہ ہوگئےتھے۔
بتایا جاتا ہے کہ پیر کے دن چکمگلورو میں بی جے پی جنرل سیکریٹر ی سی ٹی روی کے ایک پروگرام میں شرکت کے بعددھرمے گوڈا شام میں اپنے گھر پہنچے تھے۔ پھر اپنے گن مین اور ایسکارٹ کو چھٹی دینے کے بعد رات8بجے کے قریب اپنی کار میں ڈرائیور کے ساتھ گن ساگر کی طر ف آئے تھے ۔ وہاں پہنچنے کے بعدانہوں نے ڈرائیور کو یہ کہتےہوئے واپس بھیج دیا کہ ’’مجھے کسی شخص سے کچھ ذاتی بات چیت کرنی ہے ۔تم گھر چلے جانا۔‘‘
جب رات 10 بجے تک بھی وہ گھر نہیں لوٹے تو ان کے گھر والوں نے انہیں تلاش کرنا شروع کیا۔تب تک ان کاموبائل فون سوئچ آف ہو چکا تھا۔پھر کار ڈرائیور سے رابطہ قائم کرنے کے بعد ڈرائیور نے پولیس اسٹیشن میں دھرمے گوڈا کی گم شدگی کی شکایت درج کروائی۔ جب اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایک طرف پولیس نے اور دوسرے طرف دھرمے گوڈا کی اہل خانہ اور جنتادل لیڈروں نے ان کی تلاش شروع کی ۔ پھر پولیس کو ریلوے ٹریک پرایک لاش پڑی ہونے کی اطلاع ملی تو اس نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا اوروہ دھرمے گوڈا کی لاش ہونے کی تصدیق ہوگئی۔
اس خود کشی کا اصل سبب ابھی تک پتہ نہیں چلا ہے۔پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہے۔