ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک: کانگریس کے باغی رکن اسمبلی ایم بی ٹی ناگراج نے خریدی 11 کروڑ کی کار،کیا بی جے پی سے ملا انعام؟

کرناٹک: کانگریس کے باغی رکن اسمبلی ایم بی ٹی ناگراج نے خریدی 11 کروڑ کی کار،کیا بی جے پی سے ملا انعام؟

Sat, 17 Aug 2019 13:18:53    S.O. News Service

بنگلورو،17؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک میں کانگریس کے باغی رکن اسمبلی ایم بی ٹی ناگراج نے ایک انتہائی مہنگی کار خریدی ہے جو اس وقت موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ دراصل کانگریس سے بغاوت کر بی جے پی کو حکومت بنوانے میں مددگار ثابت ہوئے 14 اراکین اسمبلی میں سے ایک ایم بی ٹی ناگراج بھی ہیں۔ اسمبلی اسپیکر کے ذریعہ نااہل قرار دیئے گئے ناگراج نے رولس رائس فینٹم VIII نامی 11 کروڑ روپے کی کار خریدی ہے۔ ٹیکس بھرنے کے بعد اس لگزری کار کی قیمت اور زیادہ ہوگی۔

واضح رہے کہ کانگریس کے 17 اراکین اسمبلی نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد کماراسوامی حکومت اقلیت میں آ گئی تھی اور کماراسوامی کو سی ایم عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ کماراسوامی کےا ستعفیٰ کے بعد بی جے پی لیڈر یدی یورپا نے ریاست میں اپنی حکومت بنائی تھی۔ اس وقت بی جے پی پر یہ الزام لگا تھا کہ 17 باغی اراکین اسمبلی سے پیسے کی قیمت پر استعفیٰ دلایا گیا ہے۔ انہی اراکین اسمبلی میں ناگراج بھی شامل تھے۔ حالانکہ 17 میں سے 14 باغی اراکین اسمبلی نااہل قرار دئیے جا چکے ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق مانا جا رہا ہے کہ ابھی انھوں نے اپنی کار پر ٹیکس ادا نہیں کیا ہے۔ بہر حال، وہ کرناٹک کے پہلے لیڈر نہیں ہیں جن کے پاس اتنی مہنگی کار ہے۔ کرناٹک میں کانکنی کے لیے مشہور جناردن ریڈی کے پاس بھی ایسی ہی کار ہے۔ حالانکہ ناگراج ملک کے سب سے امیر اراکین اسمبلی میں شامل ہیں، لیکن کانگریس سے بغاوت کرنے کے بعد اور کماراسوامی حکومت گرانے کے بعد اتنی مہنگی کار خریدنے سے کئی سوال ضرور اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ کہا تو یہ بھی جا رہا ہے کہ ناگراج کو بی جے پی کی یدی یورپا حکومت بنوانے میں تعاون دینے کا انعام ملا ہے۔


Share: