کمٹہ:19 ؍جولائی (ایس اؤ نیوز )بائک اور کارکے درمیان ہوئی ٹکر میں بائک سوار جائے وقوع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ عقبی سوار شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ تعلقہ کے شٹگیری کراس کے قریب شاہراہ 66پر منگل کو پیش آیا۔
مہلوک کی شناخت راجستھان کے باشندے، کمٹہ کے ہیگڈے میں مقیم سریش ہری رام سولنکی (55) کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار زخمی کی شناخت مکیش کمار راول (26) کی حیثیت سے کی گئی ہے جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں راجستھان کے رہنےوالے ہیں ۔ یہاں کمٹہ تعلقہ میں اسٹیل فرنیچر کا کام کرتے رہے ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دونوں انکولہ سے کمٹہ جارہے تھے ، شٹگیری کراس کے قریب اوور ٹیک کرتےہوئےپیچھے سے آئی ایک کار نے ان کی بائک کو بھی اوور ٹیک کرکے آگے چلی ۔ پھر اچانک بغیر کسی اشارہ کئے دائیں جانب مڑ کر کار رُک گئی، جس کے نتیجے میں بائک ،کار کے پیچھے والے حصہ سے ٹکرا گئی ۔
کمٹہ پولس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔