کمٹہ:29؍ مئی (ایس اؤ نیوز)کمٹہ تعلقہ کی اگھناشنی ندی میں سیلاب اورطغیانی کے سبب جن علاقوں میں پانی گھس آتا ہے اور دھان کی فصلوں کو نقصان پہنچاتاہے اس علاقے میں پانی کو گھسنے سے روکنے کےلئے تحفظاتی دیوار کی تعمیر کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ نمکین پانی سے نقصان ہونےو الی فصل کو بچانے کےلئے سائنٹفک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتےہوئے تحفظاتی دیوار تعمیر کی جارہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ عالمی بینک کے 32.40کروڑروپئے کے تعاون سے 7.8کلومیٹر لمبی تحفظاتی دیوار کا تعمیراتی کام جاری ہے۔اطلاع کے مطابق مقامی مانی کٹا بیلگارر سنگھاکے صدر مہلوک سی آر نائک، عالمی بینک کو یہاں کی خصوصیات اور خاص کاشت کاری کے تعلق سےجانکاری دینےمیں کامیاب ہوئے تھے جن کی کوششوں کی وجہ سے معاشی امداد کے ذریعے تحفظاتی دیوار کاکام ہورہاہے۔
متعلقہ دیوار کاکام قومی منصوبے کے تحت انجام دیا جا رہا ہے۔ مانی کٹاعلاقے تک 1.8کلومیٹر لمبی سڑک پر تارکول بچھائی گئی ہے۔ تحفظاتی دیوار کو کچھ اس طرح بنایاگیا ہے کہ اوپر سواریاں بھی آسانی سے گزرسکیں۔ تحفظاتی دیوار میں 8گیٹ بنائے گئےہیں۔ تحفظاتی دیوار کی بنیاد الومینیم سے تیار کردہ پالی مر سے بنے تاروں سے رکھا گیا ہے۔ 150-250ایم ایم پیمائش کے پتھروں سے بنیاد بھری گئی ہے۔ اسی نمونے پر اوپری حصے میں بھی مربع نما دیوار بنائی جارہی ہے۔ بنیاد میں بچھائے گئے تاروں کے تعلق سے کہا جارہاہے کہ وہ ماحول دوست کے ساتھ ساتھ 100برس تک کام دیں گے۔ یہ تار لہروں کی مار سے پتھروں کو بہنے سے بچانے کے علاوہ مچھلی وغیرہ کی نسل اور افزائش کے لئے بھی مددگار ثابت ہوں گے۔