کنداپور 6/ فروری (ایس او نیوز) حجاب تنازع میں پھنسی کنداپور سرکاری پی یو کالج اور بھنڈارکرس کالج کی متاثرہ طالبات اڈپی پہنچ کر ضلع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سداشیو پربھو کو میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں پہلے کی طرح حجاب کے ساتھ کلاس میں حاضر ہونے اور اپنی تعلیم پوری کرنے کا موقع دیا جائے ۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ پی یو فرسٹ اور سیکنڈ ایئر میں زیرتعلیم ہم طالبات کالج کھلتے ہی پہلے دن سے ہی حجاب کے ساتھ کلاس میں حاضری دینا شروع کیا تھا ۔ یونیفارم کے ساتھ حجاب پہننا ہمارے لئے مذہبی طور پر لازمی ہے ۔ گزشتہ برسوں میں بھی طالبات حجاب کے ساتھ کلاسوں میں حاضر ہو کر اپنی تعلیم مکمل کرتی رہی ہیں ۔
میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ اب 3 فروری سے ہمیں حجاب کے ساتھ کالج کیمپس میں داخل ہونے نہیں دیا جا رہا ہے ۔ سالانہ امتحان میں صرف دو مہینے رہ گئے ہیں اور ایسے وقت میں مسائل کھڑے ہونے سے ہماری تعلیم پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں ۔ اس لئے ہم آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ حسب سابق ہمیں ہمارے دستوری حق کے مطابق حجاب کے ساتھ کالج میں حاضر ہونے اور پڑھائی کرنے کی اجازت دی جائے ۔