کنداپور18؍مارچ ( ایس او نیوز)ضلع اڈپی میں ریت نکالنے کا کوئی اجازت نامہ کسی کے پاس بھی نہ ہونے کے باوجود یہاں پر غیر قانونی طور پر ندیوں سے ریت نکالنے کا کام مسلسل جاری ہے۔
مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے کنداپور دیہی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر سریدھر نائک اور عملے نے وراہی جھیل کے اطراف، جے ایم روڈ اورکاوراڈی دیہات میں غیر قانونی طور پر ریت نکالنے کے ایک اڈے پرچھاپہ ماری کی۔اس موقع چار ملزمین کی گرفتاری بھی عمل میں آئی۔ندی سے نکالی گئی ریت کے علاوہ ملزمین کے پاس سے ایک ماروتی اومنی کار، موبائل فونس اور نقد رقم ضبط کی گئی۔گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت نثار احمد(32سال)، خلیفہ خالد (30سال)، خلیفہ قریش(46سال) اور حارث (48سال) کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق کچھ اور ملزمین موقع پر فرار ہوگئے ہیں جن کے نام کرانی بلال، سمیر،عفان اور مطیب بتائے جاتے ہیں۔مشتبہ ملزمین کے بار میں بتایا گیا ہے کہ وہ لوگ جے ایم روڈ کنڈلور میں غیر قانونی طور پر ریت نکالنے اور اسے فروخت کرنے میں ملوث تھے۔
پولیس کاکہنا ہے کہ 20ہزار روپے مالیت کے چار موبائل فونس، 37ہزار روپے نقد، ریت سے بھرے ہوئے تھیلے، دو پِک اَپ گاڑیاں، ایک اومنی کار اور ریت نکالنے کے کام آنے والی ایک کشتی ضبط کرلی ہے۔