ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کھیتوں میں کام کرنا کمار سوامی کا ناٹک:یڈیورپا

کھیتوں میں کام کرنا کمار سوامی کا ناٹک:یڈیورپا

Sat, 11 Aug 2018 22:02:32    S.O. News Service

بنگلورو،11؍اگست(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ اور اپوزیشن بی ایس یڈیورپا نے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی طرف سے آج کھیتوں میں اتر کر کام کرنے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے ایک ناٹک قرار دیا۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس طرح کے ناٹک کرنے کی بجائے وزیراعلیٰ کمار سوامی کو کسانوں کے حقیقی مسائل جان کر ان کی یکسوئی کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ بلاری میں انہوں نے کہاکہ انہوں نے ریاست کے چار اضلاع کا دورہ مکمل کرلیا ہے۔ ہر ضلع میں انہوں نے یہی دیکھا ہے کہ کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے ہیں۔ ضلع انچارج وزراء کے تقررات میں تاخیر اور تقرر کے بعد اختلافات کی وجہ سے ترقیاتی کام مکمل طور پر ٹھپ پڑ گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلاری ضلع میں بارش 33 فیصد کم ہوئی ہے۔ ضلع میں 1.8 لاکھ ہیکڑ زمین پر کاشتکاری کی سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں۔ قرضے کے ضلع میں 9 ؍کسانوں نے خود کشی کرلی ہیں۔ ان میں سے اب تک کسی کے وارث کو معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔ محکمۂ مالگزاری کے افسر اس معاملے میں تعاون نہیں کرر ہے ہیں۔ پینے کے پانی اور مویشیوں کے لئے چارے کا انتظام نہیں کیا گیا ہے۔

یڈیورپا نے کہاکہ ضلع کے سرکاری اسپتالوں کی صورتحال انتہائی خستہ ہے، ڈاکٹروں کی قلت کے سبب مریض پریشان ہیں۔ ریاست میں نظم وضبط کو بے قابو قرار دیتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ اقرباء پروری کا اس حکومت میں بول بالا ہے۔ عوام کے جان ومال کی حفاظت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی توجہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کی طرف مرکوز ہے، مرکز کی مودی حکومت نے ملک کی ترقی کے لئے جو کام کیا ہے اسی کو بنیاد بناکر بی جے پی انتخابات میں حصہ لے گی۔


Share: