ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرلا میں سیلاب سے حالات انتہائی دھماکہ خیز اب تک 324 سے زائدافراد کی موت،2لاکھ سے زائد افراد بے گھر

کیرلا میں سیلاب سے حالات انتہائی دھماکہ خیز اب تک 324 سے زائدافراد کی موت،2لاکھ سے زائد افراد بے گھر

Sat, 18 Aug 2018 10:24:24    S.O. News Service

ترواننتھاپورم،18اگست(ایس او نیوز؍ایجنسیز) جنوبی ہندوستان کی ریاست کیرلا گذشتہ سوسال کی تاریخ میں خوفناک اورانتہائی دھماکہ خیز سیلاب کا سامنا کررہی ہے ۔وزیراعلیٰ پنرائی وجین نے بتایا کہ مئی کے ماہ سے اب تک 324 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ ریاست میں ہورہی زبردست بارش سے تقریباً 2لاکھ 23 ہزارلوگ بے گھر ہوگئے ہیں اور تقریباً 1568 افراد راحت کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں ۔ اس درمیان کرناٹک کے بعد پنجاب حکومت نے کیرلا کیلئے 10 کروڑ روپئے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے ۔

دوسری جانب خوفناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے اٹل بہاری واجپائی کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم نریندرمودی نے بھی سیلاب سے متاثر علاقوں کا دورہ کیا ۔ کیرلا سی ایم دفتر نے اپنے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا کہ کیرلا گزشتہ 100 سال کی سب سے تباہی والی صورتحال کا سامنا کررہا ہے ۔ 80 بند کھول دئے گئے ہیں ۔ کیرلا کے وزیراعلیٰ نے لوگوں سے متاثرین کی امداد کیلئے پرزور اپیل کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 4اضلاع میں سیلاب کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔ ان اضلاع میں الپوزہ، ایرناکلم، پتھن متھا اور تریچور شامل ہیں۔ یہاں پامپا،پریار اور چالاکوڈی ندیوں کے پانی نے قہر برپا کررکھا ہے ۔ریاست میں اگست کے مہینے میں تباہی کی وجہ سے فصل اور املاک سمیت کل 8ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے ۔ یہ بھی خبر ہے کہ وزیراعظم نریندرمودی ہفتہ کو سیلاب سے متاثر علاقوں کا ہوائی جائزہ لیں گے ۔سیلاب کی وجہ سے کیرلا کے زیادہ تر شہروں کے اسپتالوں میں اسٹاف 30سے 35 فیصد ہی رہ گیا ہے ۔ جبکہ اسپتالوں میں بیڈکی تعداد 80 سے 90 فیصد بڑھادی گئی ہے۔ دیگر اسپتالوں میں اسٹاف اور ادویہ کی کمی کی وجہ سے مریض پریشان حال ہیں ۔ انڈین کوسٹ گارڈ کے 4کیپٹل جہاز کوچی پہنچ چکے ہیں۔ تباہ کن سیلاب سے متأثر کیرلا میں راحت اور بچاؤ مہم میں تیزی لانے کے لئے راحت رسانی کا کام کرنے والی اضافی ٹیمیں، راحت رسانی کا سامان اور دیگر ضروری وسائل بھیجے جائیں گے ۔

کابینہ سکریٹری پی کے سنہا کی صدارت میں آج یہاں لگاتار دوسرے دن ہوئی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں کیرلا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے ۔ میٹنگ میں کیرلا اور تمل ناڈو کے چیف سکریڑیز نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شرکت کی۔مسٹرسنہا نے بری فوج، بحری فوج، فضائیہ، کوسٹ گارڈ کی ٹیم اورنیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ فورس کی اضافی ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے ان ٹیموں سے متأثرہ علاقوں میں اضافی کشتیاں،ہیلی کاپٹر، لائف پروف جیکٹ،رین کوٹ ،برساتی جوتے اور ٹاور لائٹ سمیت دوسرے ضروری آلات بھیجنے کو کہا ہے ۔مرکز نے 39موٹر بوٹ، 2800لائف پروف جیکٹ،27لائٹ اور ایک ہزار رین کوٹ بھیجے ہیں۔ راحت بچاؤ مہم میں تیزی لانے کے لئے 72موٹر بوٹ، 5000لائف پروف جیکٹ، 13لائٹ ٹاور اور1000رین کوٹ مزید بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کھانے کی اشیاء کے لئے ایک لاکھ پیکٹ تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ پیکیٹ اور بھیجے جا رہے ہیں۔بحریہ نے غوطہ خوروں کی ٹیم کے ساتھ51کشتیوں کا انتظام کیا ہے ،ایک ہزار لائف پروف جیکٹ اور1300برساتی جوتے کیرلامیں سیلاب سے متاثر علاقوں میں بھیجے جارہے ہیں۔ راحت بچاؤ مہم کے تحت بحریہ نے گذشتہ48گھنٹوں میں 16اڑانیں بھری ہیں۔ بحریہ نے متأثرہ علاقوں میں1600کھانے کے پیکٹ گرائے ہیں۔این ڈی آر ایف43تحفظاتی ٹیم اور 163کشتیوں کے ساتھ مہم چلا رہا ہے ۔ کیبنیٹ سکریٹری نے مرکزی پولیس ٹیم کو بھی اضافی وسائل کو جمع کرنے کی ہداہت دی ہے ۔ ریلوے نے پانی کی ایک لاکھ20ہزار بوتلیں بھیجی ہیں ۔ دولاکھ90ہزار لیٹرپانی لے کر ایک خصوصی ٹرین بھی کل کایاکلوم پہنچ جائے گی۔

کیرلا حکومت کو کوچی میں واقع ہوائی پٹی کا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ ٹیلی فون کنکٹیوٹی کیلئے وی سیٹ لنک مہیا کرائے جانے کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے ۔ایمرجنسی طبی سہولیات کو بھی تیار رکھنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ اس سب کے درمیان جمعہ کو محکمہ موسمیات نے اتوارتک زبردست بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔ ریاست کے 14 میں سے 13 اضلاع میں ریڈالرٹ کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ اسکولوں اور کالجوں کو چھٹی دے دی گئی اور ایرپورٹ 26اگست تک بندرہیں گے ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے بھی گذشتہ دنوں کیرلا میں سیلاب سے متاثر علاقوں کا ہوائی جائزہ لیا تھا۔ انہوں نے کہاتھاکہ مرکزی سرکار اس مشکل گھڑی میں کیرلا کے لوگوں کی بھرپور مدد کرے گی ۔اس موقع پر مرکز کی جانب سے انہوں نے 100 کروڑ کی مدد کا بھی اعلان کیا تھا۔


Share: