لکھنؤ 27 اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی آر ڈی کالج گورکھپور میں گزشتہ سال ہوئی شیر خوار بچوں کی المناک اموات کے معاملے میں اب سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان کو ڈاکٹر کفیل نے سرے سے خارج کرتے ہوئے کہا کہ یوپی کے وزیر اعلیٰ اس معاملے میں سیاست کر رہے ہیں اور عوام کو ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر کفیل نے کہا کہ بہت سے بچوں کی جان اس واقعہ میں گئی ہے۔ آکسیجن کی فراہمی کرنے والے ٹھیکیدار نے ہسپتال انتظامیہ کو بقایا جات کی ادائیگی کیلئے خط لکھا تھاجو کہ بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوا تھا۔
غور طلب ہے کہ ڈاکٹر کفیل کے بیان سے پہلے اتوار کو یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ گورکھپور میں بچوں کی موت آکسیجن کی کمی سے نہیں بلکہ ہسپتال کے اندر جاری سیاست اصلی وجہ تھی۔
گورکھپور میڈیکل کالج میں ہوئے اس واقعہ پر قریب ایک سال بعد کھل کر بولتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اگلے دن میں نے وہاں (گورکھپور میڈیکل کالج) کا پروگرام بنایا۔ میں نے لوگوں سے پوچھا کہ آخر کیا معاملہ ہے تو کہا گیا کہ ایسا کچھ بھی معاملہ نہیں ہے اور اگر آکسیجن کی غیر موجودگی سے موت ہوتی تو سب سے پہلے وہ بچے مرتے جو وینٹی لیٹر پر تھے۔ تاہم ڈاکٹر کفیل نے اس تعلق سے چشم کشا بیان دیتے ہوئے کہا کہ اموات کی اصل وجہ آکسیجن کی کمی تھی ۔