سری نگر،24؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ میں نے ترنگے کی توہین نہیں کی ہے بلکہ اس کی توہین بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈروں نے اس دن کی تھی جب انہوں نے کٹھوعہ میں ایک نو سالہ بچی کی عصمت دری کرنے والوں کے حق میں اس ترنگے کو لہرایا تھا۔
بتادیں کہ پی جے پی کے جموں و کشمیر یونٹ نے محبوبہ مفتی کے اس بیان کہ میں تب تک کوئی جھنڈا نہیں اٹھاؤں گی جب تک جموں وکشمیر کا جھنڈا واپس نہیں ملے گا، کو گستاخی سے تعبیر کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
محبوبہ مفتی نے اس کے ردعمل میں اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'جھنڈا تنوع اور پرامن بقائے باہمی کا مظہر ہوتا ہے۔ اگر کسی نے ترنگے کی توہین کی ہے تو وہ بی جے پی ہے جو اقلیتی فرقوں کو دبا رہی ہے اور نفرت کے بیج بو رہی ہے۔ بی جے پی لیڈروں نے جھنڈے کی اس دن توہین کی تھی جب انہوں نے نو سالہ بچی کی عصت دری کرنے والوں کے حق میں اس کو لہرایا تھا'۔