نئی دہلی ،04؍اپریل ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )گزشتہ کچھ دنوں سے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی وراثت کو لے کر جس طرح کی سیاست ہو رہی ہے اس پر اب وزیر اعظم نریندر مودی نے خاموشی توڑ دی ہے۔بدھ کو ایک پروگرام میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے بابا صاحب کا احترام بڑھانے کا جتنا کام کیا، اتنا کسی دوسری حکومت نے نہیں کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بابا صاحب کی یاد میں متعدد منصوبوں کو مکمل کرنے کے ذریعے ہماری حکومت نے انہیں مناسب مقام دلایا۔انہوں نے بتایا کہ 26علی پور روڈ پر واقع جس مکان میں بابا صاحب نے آخری سانس لی، اس امبیڈکر جینتی کے موقع پر قوم کو وقف کیا جائے گا۔ممبران پارلیمنٹ کے ہاسٹل سے منسلک ویسٹرن کورٹ اینیکسی بھون کا افتتاح کرنے کے بعد مودی نے کہا کہ لوگوں نے امبیڈکر کے نام کا سیاسی فائدے کے لئے استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے امبیڈکر بین الاقوامی مرکز کو پورا کیا جس کا خیال اس وقت کیا گیا تھا جب مرکز میں اٹل بہاری واجپئی کی حکومت تھی۔لیکن سابقہ یو پی اے حکومت نے برسوں تک اس منصوبے کو نہیں آگے بڑھایا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت امبیڈکر کے دکھائے ہوئے راستے پر ہی آگے چل رہی ہے۔ہم لوگ غریب لوگوں کو طاقت دینے کا کام کر رہے ہیں۔غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ایس سی-ایس ٹی ایکٹ سے منسلک تبدیلیوں کو لے کر ملک بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔2 اپریل کو دلت کمیونٹی کے لوگوں نے بھارت بند بلایا تھا، جس میں کافی تشدد ہواتھا۔ملک کے مختلف حصوں میں اب بھی اس کا اثر دکھائی دے رہا ہے۔ بھارت بند کے دوران ہوئے تشدد میں 10 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔