نئی دہلی،یکم نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی یوم اتحاد (راشٹریہ ایکتا دوس) کے موقع پر اپنے خطاب میں سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان داخلی اور خارجہ تمام طرح کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تیزی سے تیار ہورہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹیل نے اپنی زندگی’’ایک ہندوستان،عظیم ہندوستان‘‘ کے آئیڈیل کیلئے وقف کردی۔ یاد رہے کہ مودی حکومت نے ہی سردار پٹیل کے یوم پیدائش کو سرکاری طورپر’’قومی یوم اتحاد ‘‘ کے طور پر منانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ملک کے پہلے وزیرداخلہ کو یاد کرتے ہوئے کہا ہےکہ ان کیلئے اصل خراج عقیدت یہ ہے کہ ملک میں جمہوریت کی حفاظت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک جغرافیائی اتحاد ہی نہیں ہے بلکہ ایک ایسا ملک ہے جو نظریات، تصورات، تہذیب اور ثقافت کے کثیر معیارات سے بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ’’ یہ سرزمین جہاں130؍کروڑ ہندوستانی رہتے ہیں ہماری روح، خوابوں اور امنگوں کا اٹوٹ حصہ ہے۔‘‘ وزیراعظم نےقومی اہداف کے حصول کیلئے اجتماعی کوشش پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ’’ سردار پٹیل ایک مضبوط، جامع، حساس اور چاق وچوبند ہندوستان چاہتے تھے۔ ایک ایسا ہندوستان جس میں عاجزی کے ساتھ ساتھ ترقی بھی ہو۔ ‘‘انہوں نے مزید کہاکہ’’سردار پٹیل سے تحریک لے کر ہندوستان بیرونی اور اندرونی تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی پوری طرح تیار ہورہا ہے۔‘‘وزیر اعظم نے کہا کہ سردار پٹیل کیلئے ’ایک ہندوستان‘ کا مطلب سب کیلئے یکساں مواقع ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ’’ایک ہندوستان‘‘ ایک ایسا ہندوستان ہے جو خواتین، دلتوں، محروم طبقات، قبائلی اور جنگل میں رہنے والوں کو مساوی مواقع فراہم کرتا ہے۔ جہاں مکان، بجلی اور پانی بلا تفریق سب کی دسترس میں ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک’سب کے پریاس (کوشش)‘ سے ہی ایسا کرسکتاہے ۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی ہر ہندوستانی کو ملک کے اتحاد اور سالمیت کیلئے خود کو وقف کردینے کی ترغیب دیتی ہے۔ اتوار کی صبح گجرات کے کیوڑیہ میں سردار پٹیل کے مجسمہ کے مقام پر منعقدہ تقریب سے خطاب سے پہلےشاہ نے ٹویٹ کیاکہ’’سردار صاحب کی لگن، وفاداری، جدوجہد اور مادر وطن کیلئے قربانی ملک کے اتحاد اور سالمیت کیلئے خود کو وقف کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔‘‘ ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ’’سردار پٹیل کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ کس طرح ایک شخص اپنی مضبوط قوت ارادی، آہنی قیادت اور بے مثال حب الوطنی کے ساتھ ملک کے اندر موجود تمام تنوع کو اتحاد میں بدل کر ایک متحد قوم کی شکل دے سکتا ہے۔ ملک کے انضمام کے ساتھ ساتھ سردار نے آزاد ہندوستان کی انتظامی بنیاد رکھنے کا کام بھی کیا۔‘‘
نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آل انڈیا ایڈمنسٹریٹو سروسیز شروع کرکے مضبوط انتظامیہ کی بنیاد رکھی۔ نائیڈو نے کہا کہ ’’سردار پٹیل تحریک آزادی کے ایک اہم ستون تھے۔ وہ کسانوں کے مسیحا، پرعزم منتظم اور مدبر تھے۔ انہوں نے۵۶۰؍ریاستوں کو متحد کرکے قومی اتحاد کو مضبوط کیا۔ انہوں نے آل انڈیا سروسیز شروع کرکے ملک میں مضبوط انتظامیہ کا آغاز کیا۔‘‘
دوسری طرف کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جبکہ جمہوریت کے ہر ستون کو کمزور کیا جارہاہے، ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات کو یاد رکھنا اور بھی زیادہ ضروری ہوگیاہے۔ پارٹی کی جنرل سیکریٹری اور یوپی امور کی ذمہ دار پرینکا گاندھی نے کسانوں کیلئے پٹیل کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اس سے ’’کسانوں پر ظلم اور ناانصافی کے خلاف لڑتے ہوئے چٹان کی طرح کھڑے ہوجانے کا حوصلہ ملتا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نےہندی میں ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’آج جب ہماری جمہوریت کے تمام ستونوں کو کمزور کیا جارہاہے، ہمیں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات کو یاد کرنا ہوگا۔ان ستونوں کی تعمیر کرنے والے کانگریس لیڈروں میں ایک اہم آواز ان کی بھی تھی۔‘‘ سردار پٹیل کی تصویرشیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ’’جمہوریت کی حفاظت ہی سردار پٹیل کو سچی خراج عقیدت ہے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ان کی جدوجہد ہمیں کسانوں پر مظالم اوران کے ساتھ ناانصافی کیخلاف اورانکے حقوق کیلئےچٹان کی طرح کھڑے ہونے کا حوصلہ دیتی ہے۔‘‘