سری نگر، 30اکتوبر (آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے T20 ورلڈ کپ کرکٹ میچ میں بھارت کی شکست کا مبینہ جشن منانے والے کشمیری طلباء کی گرفتاری کے حوالے سے پی ایم مودی کو خط لکھا ہے۔ محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ میں آپ سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی درخواست کرتی ہوں، تاکہ ان نوجوانوں کا مستقبل برباد نہ ہو۔ تین طالب علم جن کے بارے میں محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم کو خط لکھا ہے، انہوں نے مبینہ طور پر اتر پردیش کے آگرہ ضلع میں ہندوستان کیخلاف پاکستان کی جیت کامبینہ جشن منایا تھا۔تین کشمیری طلباء ارشد یوسف، عنایت الطاف شیخ اور شوکت احمد غنی کو بدھ کے روز T20 میچ میں پاکستان کی جیت کے بعد جشن منانے اور ہندوستان مخالف نعرے لگانے پر گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے واٹس ایپ پر اسٹیٹس ویڈیو پوسٹ کرکے خوشی کا اظہار کیا تھا۔ تینوں طالب علموں کیخلاف تھانہ جگدیش پورہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ 24 اکتوبر کو کھیلا گیا تھا۔ الزام ہے کہ پاکستان کی جیت کے بعد تینوں کشمیری طلبہ نے ملک دشمن سرگرمیاں انجام دی تھیں۔ انہوں نے اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر اشتعال انگیز ویڈیوز شیئر کیں۔ملزمان ارشد یوسف، عنایت الطاف شیخ آر بی ایس ٹیکنیکل کیمپس میں سول انجینئرنگ کے تیسرے سال اور شوکت احمد غنی فورتھ ایئر کے طالب علم ہیں۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد کالج انتظامیہ نے تینوں کو معطل کر دیا تھا۔