نئی دہلی،30؍مارچ (ایس او نیوز؍ یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ ہندوستان کا پاکستان کے عوام کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے اور انہوں نے کہا کہ ہماری لڑائی دہشت گردی کے خلاف ہے ۔ مودی نے ایک نیوز چینل کے انٹرویو میں کہا کہ جہاں تک ہندوستان کا تعلق ہے پاکستان کے پاس دہشت گردی کے خلاف جنگ کے علاوہ اور کوئی متبادل نہیں ہے ۔ مودی نے کہاکہ ہمارا پاکستان کے عوام کے ساتھ کبھی جھگڑا نہیں تھا اور آج بھی نہیں ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے26/11حملے کے تعلق سے سبھی فہرست، ٹیپ وغیرہ دے دیئے ، وہ قصورواروں کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں اور اسے ہمیں سونپ سکتے ہیں، ہم قانونی اقدامات کریں گے ۔ جیش محمد نے واضح طور پر کہا کہ ہاں، ہم نے یہ کیا ہے۔پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردانہ حملے کے بعد یقین دلایا کہ وہ فیصلہ کن کارروائی کرے گا لیکن وہ ایسا نہیں کرتا ۔ میں اب ا ن کے جال میں نہیں پھنسنا چاہتا ۔وزیر اعظم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے مخالفین کو پاکستان کے وزیر اعظم کے بیانات میں تو سیاسی سوجھ بوجھ دکھائی دیتی ہے جبکہ انہیں اپنے ہی وزیر اعظم پر شک ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ایسے لوگوں کو پہچاننا چاہئے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس ملک میں نریندر مودی کی حب الوطنی پر کوئی بھی شک نہیں کر سکتااور کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا۔
کانگریس پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کی سابقہ تمام حکومتوں کے لئے دفاعی سودے اے ٹی ایم کی طرح ہوا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ دفاعی سودے شفافیت کے ساتھ کئے جا سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت دفاعی سودوں پر حکومت سے حکومت کے معاہدے کی سطح پر کام کرے گی تاکہ اس میں شفافیت بنی رہے ۔