ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور پورٹ تنازعہ: "کام پر روک لگائو یا احتجاج میں شامل ہوجاو"۔ رکن اسمبلی سنیل نائک سے احتجاجی ماہی گیروں کا مطالبہ

ہوناور پورٹ تنازعہ: "کام پر روک لگائو یا احتجاج میں شامل ہوجاو"۔ رکن اسمبلی سنیل نائک سے احتجاجی ماہی گیروں کا مطالبہ

Mon, 08 Feb 2021 11:54:10    S.O. News Service

ہوناور،8؍فروری (ایس او نیوز) ہوناور میں کمرشیل پورٹ تعمیر  کرنے کے خلاف ماہی گیروں کا احتجاج آج چھٹویں دن میں داخل ہوگیا ہے جس کے دوران کل جب رکن اسمبلی سنیل نائک نے مظاہرہ کے مقام کا دورہ کیا تو پانچ سو سے زیادہ ماہی گیر عورتوں نے انہیں گھیر کر اپنے مسائل اور بندرگاہ کی تعمیر سے ہونے والی دشواریوں کی تفصیلات پیش  کیں ۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرین نے رکن اسمبلی سے صاف صاف کہا کہ یا تو وہ اس تعمیری کام پر روک لگوائیں یا پھر ان کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوجائیں۔

ایم ایل اے سنیل نائک نے جب بتایا کہ اس منصوبے کو روکنے کا اختیار تحصیلدار، اسسٹنٹ کمشنر یا پھر ڈپٹی کمشنر کو بھی نہیں ہے تو مظاہرین نے کہا کہ اگر ہم لوگوں کو برباد کرکے سڑک پر لانا ہے تو پھر منصوبہ کو آگے بڑھایا  جائے۔ مظاہرین نے صاف صاف کہہ دیا کہ ہم لوگوں نے ایم ایل اے کی حمایت ملنے کے بھروسے پر یہ احتجاج شروع نہیں کیا ہے۔ آپ اس حلقہ کے رکن اسمبلی ہیں اور آپ کی طرف سے اس تعمیری منصوبے پر عمل ہورہا ہے۔ اس لئے اس کام کو روک دیا جانا چاہیے۔ اگر یہ کام آپ سے نہیں ہوسکتا ہے تو پھر آپ ہمارے ساتھ احتجاج میں شامل ہوجائیں۔ اور ماہی گیروں کی زندگیاں بچانے کا کام کریں۔

اس کے بعد سنیل نائک نے وزیر ماہی گیری سے رابطہ قائم کیا اور ان سے درخواست کی کہ کمرشیل پورٹ کی تعمیر کی ماہی گیروں کی جانب سے مخالفت کی جارہی ہے۔ اس لئے کمپنی کی طرف سے باضابطہ دستاویزات پیش کیے جانے تک ڈپٹی کمشنر کے توسط سے کام رکوانے کی ہدایت دی جائے۔


Share: