بھٹکل:31؍مارچ (ایس اؤ نیوز)ریاست میں گذشتہ جنوری سے ابھی تک کل 19گرام پنچایتوں کو ترقی دے کر پٹن پنچایت کا درجہ دیاگیا ہے۔ 5پٹن پنچایتوں کو میونسپالٹی کا درجہ دے کر ترقی دی گئی ہے۔ ہوناور تعلقہ کی منکی کو ریاست کی 112ویں پٹن پنچایت کا درجہ دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیاگیا ہے۔ لیکن جنگلات کے درمیان بسے جوئیڈا کو پٹن پنچایت کا درجہ نہیں ملاہے۔ جوئیڈا تعلقہ کے تین پنچایتوں کو شامل کرکے پٹن پنچایت کا درجہ دیا جاسکتاہے۔ اس طرح جوئیڈا تعلقہ میں پٹن پنچایت تشکیل دینے کا موقع ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔
ریاست میں بی جےپی حکومت اقتدار سنبھالنے کے بعد جنوری سے اب تک 19گرام پنچایتوں کو ترقی دے کر پٹن پنچایت کا درجہ دئیے جانے کےمتعلق اعلامیہ جاری کیاگیا ہے۔ جس میں ہوناور تعلقہ کی منکی پٹن پنچایت بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ بیلگام ضلع کے انکلگی ، پیر ساواڑی ، مچِّی، یرگٹی ، کاگواڑ، میسور ضلع کے شری رام پورم، رمن ہلی ، کڈکول، دکشن کنڑاضلع کے کنی گول، بجپے ، وجئے پورا ضلع کے ببلیشور، رام نگرضلع کے ہاروہلی ، رائچور ضلع کے جال ہلی ، شیموگہ ضلع ، بھدراوتی کے ہولے ہنور، سورب تعلقہ کے آنوٹی ، باگلکوٹ ضلع کے شیرور گرام پنچایتوں کو ترقی دےکر پٹن پنچایت کا درجہ دیا گیا ہے۔
منکی پنچایت کو بہت جلد میونسپالٹی کا درجہ :منکی کو پٹن پنچایت کا درجہ دے کر ریاستی محکمہ شہری ترقی کی طرف سے اعلامیہ جاری کیاگیا ہے۔ اگر منکی کی آبادی کا شمار کریں تو پٹن پنچایت سے اگلے کچھ عرصے بعد میونسپالٹی کا درجہ پانے کی اہل ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔
منکی پٹن پنچایت کی کل آبادی 19664ہے۔ 10سے 20ہزار کی درمیان والی آبادی والے گاؤں کو پٹن پنچایت کا درجہ دیا جاتا ہے۔ اگر اگلی مردم شماری ہوئی تومنکی میونسپالٹی کا درجہ حاصل کرلے گی کیونکہ 20ہزار سے زائد آبادی والے گاؤں کو میونسپالٹی کا درجہ دیا جاتاہے۔