ہوناور:3؍ ڈسمبر(ایس اؤ نیوز) پریش میستا کا قتل ہونےکے بعدپریش میستا کے خاندان والوں کو ہمدردی کے طور پر اس وقت کے ضلع نگراں کاروزیر آر وی دیش پانڈے نے ذاتی طورپر 50ہزارروپئے نقد کی مدد فراہم کی تھی لیکن گھر والوں نے میڈیا والوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے اس رقم کو ٹھکرا دیا ہے، لیکن پتہ چلا ہے کہ ابھی تک وہ رقم دیش پانڈے تک واپس نہیں پہنچی ہے، جس کو لےکر چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔
یاد رہے کہ پریش میستا کا قتل ہونےکےبعد معاملہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیاگیا تھا۔ تب مقتول کے خاندان سے ہمدردی جتاتےہوئے دیش پانڈے نے 50ہزار روپئے نقد ذاتی طور پر دئیے تھے۔ لیکن اس وقت کانگریس لیڈران پر ناراضگی کے چلتے پریش میستا کے خاندان والوں نے اس مدد کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا، اس سلسلےمیں پریش میستا کے والد کملاکر میستا نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انہوں نے دیش پانڈے کی رقم واپس کر دی ہے
لیکن جمعرات کو شہر کے ایک پرائیویٹ ہوٹل میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کےلئے پہنچے سابق وزیر آر وی دیش پانڈے سے اس سلسلےمیں پوچھا گیاتو انہوں نے کہاکہ پریش میستا کی موت کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ہماری سرکار پوری طرح جانچ کررہی تھی۔ لیکن گھر والوں نے سی بی آئی جانچ کی مانگ کی تو اس وقت کی سرکار نے معاملے کو سی بی آئی کے حوالےکردیا تھا۔
سی بی آئی کو سونپ کر اتنے سال بیت چکے ہیں، معاملہ کس مرحلےمیں ہے؟ کیا ہوا؟ کسی کو کچھ پتہ نہیں ہے۔ میں نے اس وقت انسانی ہمدردی کے چلتے مقتول کے خاندان کی ذاتی نوعیت کی مدد کی تھی ۔ بعد میں نے سنا تھا کہ گھر والوں نےمیری مدد لینے سےانکار کردیا ہے، میں نے یہ بھی سنا تھا کہ میری دی ہوئی رقم مجھے واپس لوٹائی جائے گی۔ لیکن ابھی تک وہ رقم مجھے نہیں پہنچی ہے۔ میری خواہش بھی نہیں ہےکہ مجھے میری رقم ملے اور نہ ہی ایسی کوئی امید رکھتاہوں۔ اس دکھ بھرے معاملےکے دوران میں نے بہت ہی چھوٹی سی مدد کی تھی۔ اگر خاندان والوں نے رقم واپس کی ہے تو کس کے ذریعے واپس کی، اب وہ رقم کس کے پاس ہے، مجھے کچھ معلوم نہیں ہے۔ اگر وہ رقم خاندان والوں نے ہی استعمال کی ہے، تو اس سے میری روح کو سکون ملے گا۔
بتاتے چلیں کہ پریش میستا مرڈر کے فوری بعد ہوئے الیکشن میں ضلع اتر کنڑا میں بی جے پی نے بھاری اکثریت سے جیت درج کی تھی۔