یلاپور:16؍فروری (ایس اؤ نیوز) تعلقہ کے مدنور گرام پنچایت ممبران پر ہوئے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے گولی طبقے کے لوگوں نے شہر میں بڑے پیمانے پردن گرگولی یوا وکوٹا اور مانوئی منسوگل وکوٹا کی قیادت میں اے پی ایم سی کے رعیت بھون سے تحصیلدار دفتر تک احتجاجی ریلی کا اہتمام کرتےہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری پر زور دیا۔
رکن کونسل شانتا رام سدی نے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دن گر گولی طبقےکے لوگ بہت ہی معصوم اور خود اعتماد ہوتے ہیں۔ پورے ضلع سے بھارتی فوج کو سب سے زیادہ جوان ہمارے طبقے نے ہی دئیے ہیں۔ پچھلے کئی برسوں سے ہمارے طبقے پر مسلسل ظلم و ستم ہونے پر افسوس جتایا۔ انہوں نے بتایا کہ طبقے پر ہونے والے ظلم و ستم کے متعلق وزیر اعلیٰ یڈیورپا، وزیر داخلہ بسوراج بومائی اور ضلع نگراں کار وزیر شیورام ہیبار کوجانکاری دینے کی بات کہی۔
احتجاجیوں سے ونواسی کلیان ہت رکشھا کے کرشنا مورتی ، ناگریک ویدیکے کے صدر رامو نائک، وٹھل پانڈرمیسے ، حملہ کا شکار ہوئے گرام پنچایت ممبر وٹھو بمو سلکے ، الماری طبقے کے چاؤڑی لوکیش کوشئیلیا ، ہلیال گولی طبقے کے بمو ایڈگا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تحصیلدار کرشنا کامکر نے میمورنڈم وصول کیا۔ احتجاجی ریلی میں 7اضلاع سے ہزاروں گولی طبقے کے ممبران، مقامی شہری سمیت کئی لوگ شریک تھے۔ ایڈیشنل ایس پی ایس بدری ناتھ کی رہنمائی میں ڈی وائی ایس پی روی نائک کی قیادت میں پولس سکیورٹی کا انتظام کیاگیا تھا۔
سرحد پار کا مطالبہ :حملہ کےملزم وجئے وٹھل میراشی ، راگھویندر گوندی ، سنجئے وٹھل میراشی ، پرکاش میراشی ، پرشورام چلوادی، آنند کوری، ونایک تِنیکراور ان کی ٹیم کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کئے جانے کی میمورنڈم میں سخت مذمت کی گئی ہے۔ سماج کے اندرونی تحفظ اور بھائی چارگی کے پیش نظر وجئے میراشی اور ان کی ٹیم کو غنڈا ایکٹ کے تحت گرفتار کرتےہوئے انہیں سرحد پار کئے جانے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔وہیں اگرایک ہفتے کے اندر ملزموں کی گرفتاری نہیں ہوتی ہے تو یلاپور تحصیلدار دفتر کے روبرو ہزاروں کی تعداد میں بھوک ہڑتال کئےجانے کا لیڈران نے انتباہ دیا۔ خیال رہے کہ 7فروری کو کلگھٹگی کے قریب ایک ڈھابے میں گولی طبقے کے گرام پنچایت ممبران پر قاتلانہ حملہ کرنے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے تھے۔ اس تعلق سے کلگھٹگی پولس تھانہ میں ایف آئی آر درج ہونےکے باوجود کسی کےخلاف کارروائی نہیں کئے جانےکی بنا پر گولی طبقے کے لوگوں نے احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا تھا۔