ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوگی راج میں کسانوں کے قاتل آزاد، آواز اُٹھانے والے گرفتار، شدید برہمی

یوگی راج میں کسانوں کے قاتل آزاد، آواز اُٹھانے والے گرفتار، شدید برہمی

Wed, 06 Oct 2021 12:06:24    S.O. News Service

لکھیم پور کھیری ، 6؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) تشد د زدہ ضلع لکھیم پور کھیری میں متاثرہ کسانوں کے اہل خانہ سے ملنے پر بضد کانگریس جنرل  سیکریٹری پرینکا گاندھی کو رات بھر حراست میں رکھنے کے بعد سیتاپور پولیس نے بالآخر نقض امن  کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ انہیں فی الحال پی اے سی احاطے میں ہی عبوری جیل میں رکھا گیا ہے۔ان کے علاوہ نقض امن کے الزام میں پارٹی کے سینئر لیڈر دپیندر ہڈا اور اترپردیش کانگریس کے صدر اجئے کمار للو سمیت۱۱؍افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پرینکا کی اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی گرفتاری سے پورے ملک میں اپوزیشن پارٹیاں سخت برہم ہو گئی ہیں۔ ادھر کانگریس کارکنان بھی سڑکوں پر اتر آئے ہیں اور مودی حکومت کے ساتھ ساتھ یوگی حکومت کے خلاف بھی احتجاج کررہے ہیں۔

  اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے پرینکا نے ٹویٹ کیا تھا جس میں پوچھا تھا کہ۲۸؍گھنٹوں سے زائد وقت تک   انہیں غیرقانونی  حراست میںکیوں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے اس کی وجہ پوچھی تھی کیوں کہ پرینکا کو رات میں ۲؍ یا ۳؍ بجے کے قریب حراست میں لیا گیا تھا اور اس وقت مرد پولیس  افسر نے انہیں حراست میں لیا تھا جس پر اور بھی تنقیدیں ہو رہی ہیں۔   پرینکا نے ٹویٹ میں الزام لگایا تھا کہ  یوپی میں آواز اٹھانے والے لوگوں کے خلاف اترپردیش حکومت کا  رویہ پرتشدد اور ہراساں کرنے والا ہے۔  انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی نشانہ لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ لکھیم پور کھیری ان کنبوں سے ملنے کیوں نہیں جارہے ہیں۔ جہاں ہیلی کاپٹر سے جانے میں محض ۱۵؍منٹ لگتے ہیں۔ واضح رہے کہ پرینکا گاندھی پر نگرانی کیلئے انتظامیہ   ڈرون کیمرے بھی استعمال کررہا ہے۔ 

  لکھیم پور تشدد کا معاملہ ، یوگی حکومت کے آمرانہ طرز عمل اور کسانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اپوزیشن پارٹیاں متحد ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ حالانکہ پہلے بھی کسانوں کے معاملے میں اپوزیشن پارٹیاں متحد رہی ہیں تاہم اب وہ پوری شدت سے  آواز بلندکررہی ہیں چنانچہ جلد ہی اس معاملے میں ہنگامی میٹنگ طلب کی جا سکتی ہے  ۔ کانگریس ، این سی پی ،شیو سینا ، ٹی ایم سی ، ایس پی ، آر جے ڈی ، نیشنل کانفرنس ، اے آئی یو ڈی ایف ، سی پی آئی  اور سی پی ایم سمیت قریب ۱۶؍ سے ۱۷؍ اپوزیشن پارٹیوں نے متحدہ طور پر یوگی حکومت کی مذمت کی ہے اور پرینکا گاندھی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔     

 شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے رائوت یہاں کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سے ملاقات کرنے پہنچے ۔انہوں نے راہل گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ جو قصوروار ہیں وہ باہر ہیں لیکن پرینکا گاندھی کو اندر رکھا گیا ہے ۔جب قانون سب کے لیے برابر ہے تو پرینکا گاندھی کو جیل میں کیوں رکھا گیا ہے ۔ یہ حساس معاملہ ہے اس لیے میں راہل گاندھی سے ملاقات کرنے کے  لئے آیاہوں ۔ رائوت کے مطابق اس معاملے میں ہم خاموش نہیں  بیٹھیں گے، آمرانہ طرز حکومت کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ 

 این سی پی کے سربراہ اور ملک کےسینئر لیڈر شرد پوار نےلکھیم پور کھیری میں ہونے والے تشدد کا موازنہ جلیان والا باغ کے تشدد سے کیا اور کہا کہ یوگی حکومت نے جس طرح سے اس معاملے کودبانے اور اپوزیشن کو ہراساں کرنے کی کوشش کی ہے اس سے واضح ہو گیا ہے کہ ملک میں اور خاص طور پر یوپی میں آمریت تیزی سے پنپ رہی ہے۔ اسے روکا جانا چاہئے۔ شرد پوار نے اس معاملے میں خاطیوں کی فوری گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔

  کسانوں کی آواز بلند کرنے اور خاطیوں کی گرفتاری کے لئے اپوزیشن پارٹیاں مل کر لائحہ عمل طے کرنے پر غور کر رہی ہیں۔ اس معاملے میں یہ فیصلہ بھی ہوا ہے کہ اپوزیشن پارٹیو ں کا ایک وفدلکھیم پور کھیری جائے ۔


Share: