منگلورو،30؍مارچ (ایس او نیوز) گزشتہ سال کورونا کی وجہ سے اموات کے معاملے میں ضلع جنوبی کینرا کا نام بہت زیادہ اچھلا تھا، لیکن ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم اس عرصہ میں ہوئی اموات کا پوری طرح جائزہ لینے کے بعد جو اعداد و شمار جاری کیے ہیں اس کے مطابق خالص کورونا کی وجہ سے موت کا شکار ہونے والوں کی تعداد صرف 17 تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ضلع میں کورونا کی وباء داخل ہونے کے بعد دسمبر تک مرنے والوں کی کُل تعداد 742 ہوگئی تھی۔ جن میں 520 مرد اور 222 خواتین شامل ہیں۔
ڈاکٹروں کی ٹیم نے تفصیلی مطالعہ اور تجزیہ کے بعد بتایا ہے کہ اس میں 17 اموات صرف اور صرف کووِڈ سے ہوئی تھیں۔ 188 اموات اتفاقیہ تھیں یعنی کووِڈ میں مبتلا مریض اتفاقی طور پر جیسے حادثہ وغیرہ میں موت کا شکار ہوگئے تھے۔ 533 اموات مشترکہ تھیں ۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ مریض کووِڈ کا شکار ہونے سے پہلے ہی امراض قلب، ذیابیطس، بلڈ پریشر جیسی بیماریوں میں مبتلا تھے اور کووڈ کے ساتھ ان اسباب سے اس کی موت ہوگئی۔ ایک مریض کی موت اس وقت ہوگئی جب کووڈ سے صحتیاب ہوکر گھر پہنچنے کے بعد اس پر دل کا دورہ پڑا اور اسپتال لے جاتے وقت اس کی موت ہوگئی۔ اس کو ہوم آئسولیشن ڈیتھ کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ جبکہ دو اموات ایسی ہوئیں جس کا کووڈ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔
اسی طرح اڈپی ضلع کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ وہاں پر گزشتہ سال ہوئی کورونا سے متعلقہ 190 اموات میں سے صرف چار اموات ایسی تھیں جو خالص کورونا کی وجہ سے واقع ہوئی تھیں۔ بقیہ اموات میں اتفاقیہ یا پھرمشترکہ اسباب ہونے کی بات کہی گئی ہے۔ کُل مرنے والوں میں 139 مرد تھے اور 51 خواتین تھیں۔
یہ بات بھی نوٹ کی گئی ہے کہ عالمی سطح پر جو صورت حال تھی اسی طرح یہاں دونوں اضلاع میں بھی مرنے والوں میں 40 سال سے زائد عمر والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔