کوزیکوڈ ،6 ؍ستمبر (ایس او نیوز) کیرالہ میں ایک طرف کورونا کا قہر ابھی جاری ہے تو دوسری طرف تقریباً تین سال کے وقفہ کے بعد 'نیپا' وائرس نے دوبارہ سر اٹھایا ہے ۔ اس دفعہ اس کا پہلا شکار کوزیکوڈ کے پازور کا رہنے والا ایک 12 سالہ لڑکا ہوا ہے جس کی موت تین دن پہلے ایک پرائیویٹ اسپتال میں واقع ہوئی ۔
وزیر صحت وینا جارج کے مطابق اس مریض کے رابطے میں آنے والے 188 افراد کی فہرست تیار کرلی گئی ہے جس میں اکثریت طبی عملہ کی ہے ۔ ان میں سے 20 افراد کو ہائی رسک زمرے میں رکھتے ہوئے انہیں کوزیکوڈ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا ہے ۔ طبی عملہ سے متعلق دو افراد کے اندر اس مرض کی علامات ظاہر ہوئی ہیں جن میں سے ایک سرکاری اور دوسرا نجی اسپتال کا معاملہ ہے ۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں 'نیپا' وارڈ اور کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔
اس سے پہلے سال 2018 میں کوزیکوڈ علاقہ میں 18 معاملے ایسے تھے جن میں لیباریٹری جانچ کے بعد 'نیپا' وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی، جبکہ 7 مشتبہ معاملے بھی پائے گئے تھے ۔ اس میں سے دو ایک معاملے ملاپورم ضلع سے بھی سامنے آئے تھے ۔ جملہ 16 اموات میں 'نیپا' وائرس انفیکشن ثابت ہوا تھا جبکہ 7 اموات مشتبہ تھیں ۔ صرف 2 مریض انفیکشن کے بعد صحت یاب ہوسکے تھے ۔
اس کے بعد 2019 میں ایرناکولم میں 'نیپا' وائرس انفیکشن کا ایک کیس سامنے آیا تھا جو علاج کے بعد ٹھیک ہوگیا تھا ۔
'نیپا' وائرس چمگاڈر میں پایا جاتا ہے اور متاثرہ چمگاڈروں کی رال اگر پھلوں پر گرتی ہے تو ایسے پھل استعمال کرنے سے انسانوں کے اندر یہ انفیکشن پھیلتا ہے ۔ اس طرح متاثرہ انسان یا جانوروں کے رابطے میں آنے والے دوسرے لوگوں کو براہ راست یہ بیماری لگ جاتی ہے ۔
اس بیماری میں تیز بخار کے ساتھ شدید سر درد ہوتا ہے ۔ دماغی جھلی پر سوجن کی وجہ سے اضطراب اور بے چینی کی کیفیت ہوتی ہے ۔ پھیپھڑے متاثر ہونے کی وجہ سے سانس سے متعلق مسائل ہوتے ہیں ۔
کوزیکوڈ میں 'نیپا' وائرس پھر سے نمودار ہونے کی اطلاع ملنے پر دہلی سے نیشنل سینٹر فار ڈیسیز کنٹرول (این سی ڈی سی) کی ٹیم کوزیکوڈ کے پازور پہنچ گئی اور فوت ہونے والے لڑکے کے والدین سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ضروری معلومات اکٹھا کی ۔
وزیر صحت وینا جارج نے بتایا کہ پونہ سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی ایک ٹیم جلد ہی یہاں پہنچے گی اور میڈیکل کالج ہاسپٹل کوزیکوڈ میں وائرولوجی لیباریٹری قائم کی جائے گی ۔ جہاں نیپا وائرس سے متعلق ابتدائی جانچ کی جائے گی ۔
نیپا سے ہلاکت کا جو تازہ معاملہ سامنے آیا ہے اس کے بعد سرکاری طور پر کوزیکوڈ ضلع میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ فوت ہونے والے لڑکے کی رہائش کے اطراف 3 کلو میٹر تک احاطہ میں پولیس کا سخت بندوبست کردیا گیا ہے ۔ محکمہ صحت نے چھتامنگلم پنچایت کے وارڈ نمبر 9 کو سیل کردینے کے علاوہ وارڈ نمبر 8,10,12 میں پابندیاں لگادی ہیں ۔
ادھر تملناڈو حکومت کی طرف سے کیرالہ سے متصل 9 اضلاع میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور ان علاقوں میں کیرالہ سے داخل ہونے والوں کی جانچ پڑتال کے لئے کیمپ لگا دئے گئے ہیں ۔