ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 2021 تک میٹرو فیز 2- کا کام مکمل ہوجائے گا: وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا

2021 تک میٹرو فیز 2- کا کام مکمل ہوجائے گا: وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا

Mon, 10 Feb 2020 12:42:48    S.O. News Service

بنگلورو،10/فروری (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے ہفتہ کی صبح ودھان سودھا کے روبرو بی بی ایم پی کے مختلف پروگراموں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کے دوران دعویٰ کیا کہ شہر بنگلور میں جاری میٹرو فیز 2- کے کام دسمبر 2021 تک مکمل ہوجائیں گے- 2022 سے شہر میں میٹرو ریل سروس مزید علاقوں تک پھیل جائے گی- ایڈی یورپا نے سہایا2.0 اپلی کیشن نما بنگلور ایپ، پی یو ایس جرمانہ وصول کرنے والی مشین، بی بی ایم پی ایمبولینس اور شہر کے راستوں سے کوڑا صاف کرنے والی نئی نوعیت کی مشین ودیگر کا افتتاح کیا- انہوں نے کہا کہ بنگلور شہر میں 2025ء تک 300 کلومیٹر میٹرو ریل لائن فراہم ہوجائے گی- آؤٹر رنگ روڈ تا ایر پورٹ میٹرو ریلوے لائن کا کام بھی 2023ء تک مکمل ہوجائے گا-سبربن ریلوے نظام کا کام بھی 3سال کے اندر مکمل ہوجائے گا- بنگلور شہر کو ترقی دینے کے لئے 2027ء تک پر فیرل رنگ روڈ اور آؤٹر رنگ روڈ کے کام بھی مکمل کردئے جائیں گے- ایڈی یورپا نے کہا ہے کہ 2022ء تک پہلے مرحلہ میں وہائٹ فیلڈ، آؤٹر رنگ روڈ، آئی ٹی پی ایل کے آئی ٹی ہب کو جوڑنے کا کام اور ساتھ ہی یشونت پور پینیا انڈسٹریل ایریا کو جوڑنے والے پراجکٹوں کو بھی مکمل کردیا جائے گا- وزیر اعلیٰ نے بی بی ایم پی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بی بی ایم پی کی جانب سے شہریوں کو نت نئی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، عوام کے لئے اپنی شکایت درج کروانے بی بی ایم پی نے سہایا ایپ تیار کیا ہے- جس کی مدد سے عوام اب راست طور پر بی بی ایم پی کمشنر تک اپنی شکایت پہنچاسکتے ہیں - شہر کی سڑکوں کی صفائی پر خاص توجہ دے کر اب جدید آلات سے لیس سوئپنگ مشینوں کو بی بی ایم پی نے حاصل کرلیا ہے- بی بی ایم پی کی جانب سے شہر میں 6بڑے اسپتال، 26میٹرنیٹی اسپتال اور 85پرائمری ہیلتھ یونٹ چلائے جارہے ہیں، یہاں بہتر علاج کے لئے اب بی بی ایم پی کی اپنی ایمبولنس گاڑیاں بھی شروع کی گئی ہیں - وزیر اعلیٰ نے پروگرام کے دوران 6ایمبولنس اور 15کوڑا صاف کرنے والی مشینوں کا اجرا کیا- پی یو ایس جرمانہ وصول کرنے والی مشین کا بھی انہیں کے ہاتھوں اجرا عمل میں آیا- پروگرام میں بی بی ایم پی کمشنر ایل کمار نے خیر مقدمی تقریر کی- میئر گوتم کمار، ریاستی وزراء آر اشوک، وی سومنا، گوپالیا، ایس ٹی سوم شیکھر، بی بی ایم پی لیڈر مہیندر کمار، کارپوریٹرس موہن کمار، لکشمی نارائن ودیگر اہم افسروں نے پروگرام میں شرکت کی-


Share: