کولکاتہ ، 13 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے دونوں گروہوں نے الیکشن کمیشن میں ملکیت کے دعوؤںسے متعلق اپنے اپنے جوابات جمع کرا دئیے ہیں،اب کمیشن ان جوابات کی جانچ کرے گا ۔ ایک گروپ کی قیادت پارٹی کی صدر اور مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کر رہی ہیں اور دوسرے کی قیادت مغربی بنگال کے اپوزیشن لیڈر رتا برت بنرجی کر رہے ہیں۔ کمیشن ان جوابات کی بنیاد پرپارٹی کے مالکانہ حقوق کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔
ملکیت حقوق پر جاری کشمکش کے درمیان دونوں گروپس نےاپنے جوابات الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انہیں علیحدہ خطوط جاری کیا جس میں ٹی ایم سی کے تنظیمی انتخابات / مجاز دستخط کنندگان کی تفصیلات طلب کی گئیں۔۶؍جولائی کو ممتا کی قیادت والے گروپ نے اس معاملے پر الیکشن کمیشن کو اپنا جواب پیش کیا تھا۔ رتا برت بنرجی کی قیادت والےگروہ نے جمعہ کو اپنا جواب داخل کیا تھا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے اس گروپ کو جواب داخل کرنے کیلئے۱۰؍ جولائی کی شام ساڑھے ۵؍ بجے تک کا اضافی وقت دیا تھا۔ واضح رہےکہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد رتا برت بنرجی نے ممتا بنرجی اور ان کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کے خلاف کھل کر بغاوت کی ہے، اور انہیں پارٹی کی شکست کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں دو تہائی اکثریت کی حمایت حاصل ہے اور کہا کہ وہ ٹی ایم سی کے حقیقی مالک ہیں۔ممتا کی قیادت والا گروہ رتا برت کی قیادت میں باغی گروپ پر پارٹی ہائی کمان کو دھوکہ دینے کا الزام لگا رہا ہےحالانکہ انہوں نے ریاست میں اقتدار میں رہتے ہوئے پارٹی سے تمام فوائد حاصل کیے تھے۔الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایاکہ کمیشن جوابات کی جانچ کرے گا اورایک پورے عمل کی پیروی کے بعدحتمی فیصلہ کریگا۔