بھٹکل، 18/ جولائی(ایس او نیوز) : مرڈیشور کے قریب بستی–کائکنی پنچایت کراس پر بدھ کی دوپہر پیش آئے جان لیوا سڑک حادثے کے بعد ضلع اتر کنڑ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این نے دیگر اعلیٰ پولیس افسران کے ہمراہ جائے حادثہ کا دورہ کرکے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
ایس پی نے موقع پر حادثے کی وجوہات، قومی شاہراہ کی موجودہ صورتحال، ٹریفک کی آمد و رفت اور حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت دی کہ اس مقام پر ٹریفک نظم و نسق کو مزید مؤثر بنایا جائے، حادثات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور سڑک استعمال کرنے والوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

معائنے کے دوران سڑک کی ساخت، ٹریفک کے بہاؤ اور ممکنہ خطرناک مقامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایس پی نے متعلقہ اداروں کے ساتھ بہتر تال میل قائم کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک حادثات کی روک تھام کے لیے ضروری مشورے اور ہدایات جاری کیں۔
واضح رہے کہ بدھ کی دوپہر بستی–کائکنی پنچایت کراس کے قریب ایک تیز رفتار لاری نے پیچھے سے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی تھی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔ حادثے کے بعد مقامی شہریوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر جمع ہوگئی اور انہوں نے قومی شاہراہ 66 کے فور لین توسیعی منصوبے پر غیر سائنسی اور غیر معیاری انداز میں کام کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کافی دیر تک لاری کے نیچے پھنسی لاش کو اسپتال منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اس مقام پر فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں، سڑک کی خامیوں کو دور کیا جائے اور بار بار پیش آنے والے جان لیوا حادثات پر مؤثر روک لگائی جائے۔