ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ایس آئی آر بیداری مہم

بھٹکل میں ایس آئی آر بیداری مہم

Mon, 13 Jul 2026 20:12:30    S O News
بھٹکل میں ایس آئی آر بیداری مہم

بھٹکل، 13 /جولائی(ایس او نیوز )  ملک کا مستقبل سنوارنے کی صلاحیت رکھنے والے طلبہ اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ خصوصی نظرثانی مہم (SIR)کے دوران ووٹروں اور تعلقہ انتظامیہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے جمہوریت کی مضبوط بنیادوں کو مستحکم کرنے میں اپنا مؤثر تعاون دیں۔ یہ بات بھٹکل تعلقہ پنچایت کے ایگزیکٹو آفیسر اور تعلقہ سویپ (SVEEP) کمیٹی کے صدر سنیل ایم نے پیر کے روز طلبہ و نوجوانوں کی بیداری ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اہل ووٹر اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے، اس کے لیے طلبہ اور نوجوان عوام کی رہنمائی کریں، انتخابی فارم درست طریقے سے بھرنے میں مدد کریں اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق مقررہ مدت میں مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔

اس سے قبل بھٹکل سب ڈویژن اسسنٹ کمشنر مسٹر مہیش نے تعلقہ پنچایت کے احاطے میں سبز جھنڈی دکھا کر ریلی کا افتتاح کیا اور شرکاء کے ہمراہ پیدل چل کر مہم کی حوصلہ افزائی کی۔

ریلی میں انجمن ڈگری کالج، گرو سودھیندر پری یونیورسٹی کالج اور سرکاری آئی ٹی آئی کالج کے طلبہ، تعلقہ کے مختلف سیلف ہیلپ گروپس کے نمائندے اور شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی تعلقہ پنچایت کے احاطے سے شروع ہو کر شمس الدین سرکل** سے گزری اور انجمن ہائی اسکول کے میدان میں اجتماع کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

SIR campaign-1

اس موقع پر دیہی پینے کے پانی و صفائی شعبہ کے اشوک**، چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر سشیلا موگیر، سماجی بہبود محکمہ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر گیتا ہیگڑے، پسماندہ طبقات کے ویلفیئر آفیسر راجو نائک، سٹی میونسپل کونسل کے منیجر وی ٹی نائک، ٹاؤن پنچایت کے نارائن نائک، کالجوں کے پرنسپلز ویرندر شانوبھاگ اور وشواناتھ پالیکر، تعلقہ پنچایت کے اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر راجیش مہالے، پلاننگ آفیسر اور تعلقہ سویپ نوڈل آفیسر ہیما نائک، ادے بورکرسمیت متعدد افسران و معززین موجود تھے۔

تقریب کی نظامت تعلقہ پنچایت کے منیجر کری اپّا نائکنے انجام دی، جبکہ انہوں نے آغاز میں تمام شرکاء کا خیر مقدم بھی کیا۔


Share: