نئی دہلی،18؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)آسام پردیش کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ کی طرف سے دائر عرضی پر قومی انسانی حقوق کمیشن نے متعلقہ اتھارٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ شکایت پر کارروائی کرے اور آسام میں اقلیتوں کی جبری بے دخلی مہم کی آزادانہ انکوائری کیلئے8ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرے-کمیشن میں کیس کی نمائندگی ایڈوکیٹ علی زیدی کررہے ہیں - درخواست میں کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ اقلیتوں کی بے دخلی کی مہم پر آزادانہ انکوائری کیلئے ہدایات جاری کرے- یہ آسام میں 20اور23ستمبر2021کو درنگ ضلع کے سپاہ جھر ریونیو سرکل اور گورکھوٹی کے تین گاؤں میں بے دخلی مہم کی وجہ سے متاثرہ لوگوں کی فوری بحالی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے-عرضی میں ان لوگوں کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے جو بے دخلی مہم کے دوران زخمی ہوئے تھے،نیز تشدد میں ملوث آسام حکومت کے اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرنے پر زور دیا گیا ہے-زبردستی بے دخلی کے پہلے سے معروف حقائق کو دہرائے بغیر یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ درنگ ضلع کے سپاہ جھر ریونیو سرکل میں پیش آنے والے واقعات کا انتہائی سفاکانہ پہلو جانوں کے تحفظ کیلئے حکومت کی جانب سے سراسر توہین ہے-اس کے بعد یہ کم از کم حیرت کی بات ہے کہ پولیس معین کی لاش پر گولیاں چلاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی، جو اپنے گاؤں کی خواتین پر حملے کی مزاحمت کرتے ہوئے پولیس کی بربریت کی وجہ سے مر گیا تھا- ریاستی حکومت کی جانب سے اجاڑے گئے خاندانوں کیلئے مناسب معاوضہ یا بازآبادکاری کا کوئی ارادہ کم ہی نظر آتا ہے-