بنگلورو،22؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر زراعت این ایچ شیوشنکر ریڈی نے بتایاکہ ریاست میں قدرتی آفات کے سبب فصلوں کو جو نقصان ہوا ہے ان سے نپٹنے کے لئے 2016 سے اب تک قومی آفات سماوی فنڈ اور سبسیڈی کے تحت 1685کروڑ روپے مہیاکرائے گئے ہیں۔ اسمبلی میں پیش کئے گئے ایک تحریری جواب میں وزیر زراعت نے بتایاہے کہ جن کسانوں کی فصلیں ضائع ہوئی ہیں ان کو معاوضے کی رقم راست طور پر ان کے بینک کھاتوں میں جمع کرادی گئی ہے۔ 26 ایسے اضلاع جو خشک سالی سے بری طرح متاثر ہیں وہاں کے 23.59 لاکھ کسانوں کو امداد ی گرانٹ ان کے کھاتوں میں ڈال دیاگیا ہے۔ بارش نہ ہونے کے سبب فصلوں کی ناکامی کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے فی ہیکٹر 6800 روپیوں کا معاوضہ طے کیا گیا ہے، جبکہ آبپاشی کے ساتھ جو فصل تیار ہونی چاہئے تھی اس کے لئے معاوضہ 11500 فی ہیکٹر طے کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ این ڈی آر ایف کی طرف سے مہیا کرائے گئے فنڈز استعمال کرکے یہ راحت کاری کی جاری ہے۔