ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو شہرمیں بالائی سڑکوں کی تعمیر عوام کی منظوری سے ہوگی: کمار سوامی

بنگلورو شہرمیں بالائی سڑکوں کی تعمیر عوام کی منظوری سے ہوگی: کمار سوامی

Mon, 30 Jul 2018 23:35:16    S.O. News Service

بنگلورو،30؍جولائی(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے مقصد سے ریاستی حکومت بنگلور کی مختلف سڑکوں پر 102کلومیٹر کی بالائی سڑک تعمیر کرنے کے لئے منصوبے پر کام کررہی ہے۔اس سلسلے میں کرناٹکا روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ،ای کام ، ڈیلائٹ اور انفرااسپوٹ اداروں کی طرف سے ایک تفصیلی پراجکٹ رپورٹ آج پیش ہوئی ہے۔

کمار سوامی نے یہ رپورٹ حاصل کرنے کے بعد کہاکہ شہر بنگلور میں ٹریفک کے اژدہام کو قابو میں کرنے کی طرف حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کو بڑھاوا دینے کے مقصد سے میٹرو ریل پراجکٹ کے منصوبے کو وسیع تر کیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں بالائی سڑکوں کے نیٹ ورک کے تعمیر کے منصوبے کو اس وقت تک آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔ جب تک عوام اس پراجکٹ کو منظور نہ کریں اس وقت تک بالائی سڑک کے کسی بھی پراجکٹ کو زبردستی آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ شہر میں شروع ہونے والے کسی بھی بالائی سڑک کے پراجکٹ پر کام کی شروعات سے پہلے ماحولیات پر اس سے مرتب ہونے والے اثرات کا بھی جائزہ لیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شہر میں چھ مقامات پر بالائی سڑک کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اس میں سر فہرست ہبال فلائی اوور سے سنٹرل سلک بورڈ ، کرشنا راجپورم تا گرگنٹے پالیہ ،ورتور سے گیان بھارتی روٹ شامل ہیں۔ ان تمام بالائی سڑکوں کے پراجکٹس چھ لائن پر مشتمل ہوں گے۔ یہ رپورٹ وزیر اعلیٰ کو جب پیش کی گئی اس وقت نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور، وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا ، وزیر کوآپریشن بینڈپا قاسم پور، چیف سکریٹری ٹی ایم وجئے بھاسکر، محکمۂ داخلہ ، تعمیرات عامہ کے اڈیشنل چیف سکریٹری رجنیش گوئل ، کرناٹکا روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر اور دیگر اعلیٰ عہدیدارموجود تھے۔


Share: