ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں535 پولیس اہلکار کورونا کے مرض میں مبتلا، 6 پولیس جوانوں کی موت

بنگلورو میں535 پولیس اہلکار کورونا کے مرض میں مبتلا، 6 پولیس جوانوں کی موت

Mon, 13 Jul 2020 11:28:02    S.O. News Service

بنگلورو،13؍جولائی(ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا وائرس کی وبا سے پورا ملک ان دنوں پریشان ہے ۔ ملک کے آئی ٹی شہر بنگلورو میں کیا عام کیا خاص ، سب کے سب کورونا کی مار جھیلنے پر مجبور ہیں ۔ اس مصیبت نے قانون کے رکھوالوں ، عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنے والوں کو بھی نہیں بخشا ہے ۔ ان دنوں بنگلورو میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار کورونا کی بیماری سے متاثر ہیں ۔ 12 جولائی 2020 کو جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق بنگلورو میں کل 535 پولیس اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔ متاثرہ پولیس اہلکاروں کا اسپتالوں اور آئیسولیشن سینٹروں میں علاج جاری ہے۔  اب تک 6 پولیس اہلکاروں کی کورونا سے موت ہوئی ہے۔ 737 پولیس اہلکار کوارنٹائن میں ہیں۔ 292 متاثرہ اہلکار صحت یاب ہوئے ہیں ۔  پورے بنگلورو میں 19 پولیس اسٹیشنوں کو سیل ڈاون کردیا گیا ہے۔ اس طرح شہر میں پولیس کی ایک بڑی تعداد کورونا مرض سے متاثر ہوئی ہے ۔

بنگلورو کے پولیس کمشنر بھاسکر راو نے دو دن قبل اپنے دفتر میں ہی بیٹھ کر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ متاثرہ پولیس اہلکاروں کی مزاج پرسی کی ۔ اس موقع پر بھاسکر راو نے ان کی ہمت بڑھائی ۔ بھاسکر راو نے اپنے تمام ساتھیوں سے کہا کہ وہ کورونا کی بیماری سے ہرگز نہ گھبرائیں ۔ ویٹامن سی کی اشیا اور گرم پانی کا استعمال کرتے رہیں ، مقوی غذائیں کھاتے رہیں ، ورزش کرتے ہوئے صحت مند رہیں ۔

دوسری جانب کورونا سے متاثر ہوئے قیدیوں کا حال بد حال ہے ۔ متاثرہ قیدیوں کو ایک ساتھ دو دو سزائیں کاٹنی پڑ رہی ہیں ۔ ایک سزا اپنے جرم کی تو دوسری سزا کورونا مرض کی ۔ بنگلورو کی سینٹرل جیل " پرپن اگرہار" میں 11 جولائی 2020 کو آئی رپورٹ کے مطابق 30 قیدیوں میں کورونا مرض کی تصدیق ہوئی ہے ۔ متاثرہ قیدیوں کو الگ تھلگ کردیا گیا ہے اور انہیں آج علاج کیلئے بنگلورو کے ہیگڑے نگر کے قریب موجود حج بھون کووڈ کئیر سینٹر بھیج دیا گیا ہے ۔ بنگلورو کی پرپن اگرہار جیل میں حال ہی میں کورونا کی رینڈم ٹسٹٹنگ کی گئی تھی ۔ کل  150 قیدیوں کو کورونا ٹسٹ کیلئے منتخب کیا گیا تھا ۔ ان میں 30 قیدیوں کی رپورٹ پازیٹیو آئی ۔

اس طرح بنگلورو اور ریاست کی دیگر جیلوں میں بھی کئی قیدی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں ۔ کئی قیدی اس مرض سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔ بہرحال کورونا کی خطرناک بیماری نے زندگی کے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے ۔ اس مرض کے سامنے پولیس کی لاٹھی خاموش ہے ، قیدی بھی اپنے کئے کی دوگنی سزا کاٹ رہا ہے ۔


Share: