ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلوروشہر میں تقریباً ایک ہزار مریض ایچ ون این ون کا شکار، اکثر مریضوں کو سانس لینے میں تکلیف کی شکایت سے ڈاکٹر پریشان

بنگلوروشہر میں تقریباً ایک ہزار مریض ایچ ون این ون کا شکار، اکثر مریضوں کو سانس لینے میں تکلیف کی شکایت سے ڈاکٹر پریشان

Sat, 03 Nov 2018 22:30:03    S.O. News Service

بنگلورو۔3؍نومبر(ایس او  نیوز) شہر میں دن بہ دن بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور موسم آنے والی بے تحاشہ تبدیلی کے سبب جہاں جابجا ایچ ون این ون بخار کی شکایتیں عام ہیں اس کے ساتھ ہی سانس لینے میں دشواری کی شکایتیں بھی بڑ ھ رہی ہیں۔ سردی اور بخار کی شکایات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ان شکایات کو لے کر اسپتال پہنچنے والے مریضوں کا احتیاطی طور پر ایچ ون این ون ٹیسٹ لیا جارہاہے تاکہ فوری طور پر اس کی تشخیص اور علاج کیا جاسکے۔ ماہرین صحت نے یہ رائے ظاہر کی ہے کہ جس تیزی سے بخار اور ایچ ون این ون کی شکایاتیں عام ہیں یہ رجحان خطرناک ہے، ایک اندازے کے مطابق بخار کی شکایت سے رجوع ہونے والے ہر دس میں سے چھ مریضوں نے سانس میں دشواری کی شکایت کی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سردی اور بخارکی شکایت کے ساتھ رجوع ہونے والے مریضوں کو معمولی علاج کے ساتھ رخصت نہ کیا جائے بلکہ ان کی جانچ کی جائے، تاکہ قبل از وقت ایچ ون این ون کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ خاص طور پر ایسے مریض جو بخار کی شکایت لے کر دوسری یا تیسری مرتبہ رجوع ہورہے ہیں ان کی جانچ میں غفلت نہ برتی جائے، بورنگ وکٹوریہ ، کے سی جنرل، اور دیگر سرکاری اسپتالوں اور دوا خانوں میں سردی اور بخار کی شکایت لے کر رجوع ہونے والے مریضوں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ ان اسپتالوں میں کی گئی جانچ کے بعد یکجا کی گئی تفصیلات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بخار کی شکایت لے کر آنے والے تقریباً 60 فیصد مریضوں نے سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی ہے اور ان میں سے 25فیصد مریضوں کو سانس لینے میں دشواری سے جڑی بیماریوں میں مبتلا پایا گیا ہے۔ نجی اسپتالوں میں بھی یہی صورتحال پائی جارہی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ آلودگی اور محلوں میں صفائی کے ناقص انتظام کی وجہ سے ایچ ون این ون کا خطرہ اور بڑھ چکا ہے، خاص طور پر شہر میں گندگی کی نکاسی میں مبینہ کوتاہیوں کا خمیازہ ایچ ون این ون کے پھیلاؤ کی صورت میں نظر آرہاہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر کی صفائی کی طرف جنگی پیمانے پر توجہ دینے سے اس بخار کو مزید پھیلنے سے روکنا ممکن ہے ، بصورت دیگر اسے قابو میں کرنا مشکل نظر آرہاہے۔ شہر کی نجی اور سرکاری اسپتالوں میں اب تک ایک ہزار سے زائد ایسے مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں ایچ ون این ون کی شکایتیں موجود ہیں ۔ان تمام کا علاج کیا جارہا ہے۔ اس بخار کے سبب اب تک ریاست بھر میں 20 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ ریاستی محکمۂ صحت کی طرف سے تمام بلدی اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ پاکی صفائی کا خاص اہتمام کیا جائے۔متعدی بیماریوں کوپھیلنے سے روکنے کے لئے مناسب انتظامات کئے جائیں۔ خاص طور پر اگر ایچ ون این ون کی علامتیں کسی مریض میں پائی جارہی ہیں تو اسے کسی مخصوص مرکز میں منتقل کرنے کا انتظام کیا جائے۔


Share: