بھٹکل،16؍دسمبر (ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبودکے فنڈ میں جو بھاری کٹوتی کی ہے اس کی مذمت کرتے ہوئے مجلس اصلاح وتنظیم نے اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کے نام ایک میمورنڈ م دیا۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ایڈی یورپا کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد مسلم، عیسائی، جین ، بدھ اور پارسی طبقات کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لئے قائم محکمہ اقلیتی بہبود کا جو1897کروڑ روپے کا فنڈ تھا اس میں 1571کروڑ روپوں کی زبردست کٹوتی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پری میٹرک ، پوسٹ میٹرک ، میٹرک کم مینس تعلیمی وظائف کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کے لئے بھی دی جانے والی اسکالر شپ بھی روک دی گئی ہے جس سے طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اور ان کے تعلیمی مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقلیتوں کے لئے جو بھی فائدہ مند اسکیمیں ابھی تک جاری تھیں اس میں کسی بھی قسم کی کٹوتی نہ کرتے ہوئے فوری طور پر ان کو بحال کیا جائے اور ا س کے لئے درکار فنڈ کو جلد ازجلد جاری کیا جائے۔
وفد کی قیادت تنظیم صدر ایس ایم پرویز نے کی، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے میمورنڈم میں پیش کی گئی باتوں کا اردو میں خلاصہ پیش کیا، ایڈوکیٹ عمران لنکا نے میمورنڈم پڑھ کر سنایا۔ عنایت اللہ شاہبندری، صادق مٹا، الطاف کھروری، جیلانی شاہ بندری، عزیز الرحمن رکن الدین ندوی ودیگر کافی ذمہ داران موجود تھے۔