ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار: آرجے ڈی کا دعویٰ: جے ڈی یو کے17ممبرانِ اسمبلی ہمارے رابطہ میں،نتیش نے کیا مسترد

بہار: آرجے ڈی کا دعویٰ: جے ڈی یو کے17ممبرانِ اسمبلی ہمارے رابطہ میں،نتیش نے کیا مسترد

Thu, 31 Dec 2020 11:21:19    S.O. News Service

پٹنہ،31؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) اروناچل پردیش واقعہ کے بعد اپوزیشن کی نظر بی جے پی جے ڈی یو تعلقات پر ہے- آر جے ڈی نے چہارشنبہ کے روز دوسرا داؤ چلا ہے، آر جے ڈی کے سینئر رہنما شیام ر جک نے دعویٰ کیا ہے کہ حکمران جماعت کے17؍ ایم ایل اے ہمارے رابطے میں ہیں، وہ آر جے ڈی میں آنا چاہتے ہیں - اس سے قبل آر جے ڈی نے نتیش کمار کو عظیم اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی-

سابق اسمبلی کے اسپیکر اودئے نارائن چودھری نے کہا تھا کہ اگر نتیش کمار تیجسوی کو وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حمایت کرتے ہیں تو اپوزیشن2024میں وزیر اعظم کے عہدے کیلئے ان کی حمایت کرسکتی ہے-شیام رجک کا یہ بھی کہنا ہے کہ دل بدل قانون کے تحت17 ارکان اسمبلی کوابھی آر جے ڈی میں نہیں لیا جاسکتا- جے ڈی یو کو توڑنے کیلئے26-25ایم ایل اے ہونے چاہئیں - پھر ان پر دل بدل قانون لاگو نہیں ہوگا- ابھی آر جے ڈی منتظر ہے کہ کچھ اور ممبران اسمبلی رابطے میں ہوں اور جے ڈی یو کو آر جے ڈی توڑ ے-

دوسری طرف جے ڈی یو لیڈرس پہلے ہی آر جے ڈی کے اس طرح کے دعوے پر ردعمل دے چکے ہیں - اب وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ ایسے دعوؤں کی کوئی حیثیت نہیں ہے، کہیں ایسی چیز نہیں ہے-2024میں وزیر اعظم کے عہدے کیلئے نتیش کمار کی حمایت کی پیشکش اورآر جے ڈی کے دعویٰ کے بعد بہار کی سیاست گرم ہے-حکمراں طبقہ پژمردگی کا شکار ہوگیا ہے-جے ڈی یو کے چیف ترجمان سنجے سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’کھرماس‘کے بعد بہار کی سیاست بدلے گی- سنجے سنگھ نے صاف کہا کہ شیام رجک مغالطہ میں ہیں - آر جے ڈی کے تین درجن ایم ایل اے خود جے ڈی یو کے رابطے میں ہیں اور آر جے ڈی کے علاوہ کسی بھی وقت جے ڈی یو میں شامل ہوسکتے ہیں -


Share: