ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی اور آر ایس ایس بدعنوانی میں گہرائی تک ڈوبی ہوئی ہے: کانگریس

بی جے پی اور آر ایس ایس بدعنوانی میں گہرائی تک ڈوبی ہوئی ہے: کانگریس

Wed, 16 Jun 2021 23:31:51    S.O. News Service

نئی دہلی،16؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) بدعنوانی میں گہرائی تک ڈوبی ہوئی ہے اور راجستھان میں وائرل ویڈیو نے اس بدعنوانی کو بے نقاب کردیا، جس نے اس بدعنوانی کے سلسلے میں خود اعتراف کیا ہے۔ اس سلسلے میں اینٹی کرپشن بیورو نے ایف آئی آر درج کی ہے۔

کانگریس ترجمان پون کھیرا نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ 10 جون کو منظر عام پر آنے والی اس ویڈیو میں آر ایس ایس کے رہنما کسی کمپنی کے ملازم سے 10 فیصد رشوت لینے کے لئے بات چیت کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں ریکارڈ کی گئی گفتگو سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس معاملے میں کمیشن طلب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بدعنوانی کے اس معاملے میں بی جے پی کے معطل جے پور میئر کے شوہر سومیا گجر اور بی جے پی رہنما راجارام بھی شامل ہیں۔ میئر سومیا گجر کو بدعنوانی میں ملوث ہونے پر عہدے سے معطل کردیا گیا تھا۔

پون کھیڑا نے بتایا کہ اس بدعنوانی کے نظام میں آر ایس ایس کے راجستھان چیف نمبارام بھی ملوث ہیں۔ وہ پانچ کروڑ روپے کے کمیشن میں ہوئی ڈیل کی رقم کا ٹکڑوں میں ادائیگی کرنے کے لئے راجا رام کو سمجھانے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملی ہے کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راجستھان انسداد بدعنوانی بیورو نے اس پورے معاملے میں از خود نوٹس لے کر ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی، آر ایس ایس کی یہ صورت حال اس راجستھان کی ہے جہاں بی جے پی اقتدار میں نہیں ہے۔ جہاں بی جے پی اقتدار میں ہوگی وہاں بدعنوانی کس قدر ہے، یہ اندازہ اس کہانی سے لگایا جاسکتا ہے۔


Share: