بنگلورو، 2؍نومبر(ایس او نیوز) ریاست کے محکمۂ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ موسم میں آنے والی تبدیلیوں سے اشارہ مل رہا ہے کہ ریاست میں اگلے ایک دو دنوں میں بارش کا سلسلہ دوبارہ چل سکتا ہے۔محکمۂ موسمیات کے عبوری ڈائرکٹر ڈاکٹر جی این سرینواس ریڈی نے بتایاہے کہ مانسون کے آخری حصے کی بارشیں ایک دو دن میں شروع ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے بعض حصوں میں بارش کا یہ سلسلہ تین دنوں تک جاری رہ سکتاہے، ریاست کے جنوبی اور ساحلی علاقوں میں زور دار بارش کے آثار کے ساتھ تملناڈو کے ساحل پر طوفان کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے زیر اثر ریاست کے داخلی جنوبی علاقوں اور ملناڈ علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشین گوئی پہلے ہی کی جاچکی ہے۔ مسٹر سرینواس ریڈی نے بتایاکہ ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور بادل چھائے رہیں گے اور ریاست کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں معمول کے مطابق بارش کا امکان ہے۔ جبکہ اندرونی اور ساحلی علاقوں میں زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔ ریاست کے 100تعلقہ جات فی الوقت خشک سالی کی لپیٹ میں آچکے ہیں یہ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ حسب توقع اگر مانسون کی آخری مرحلے کی بارشیں ہوئیں تو کچھ علاقوں میں معمول کے مطابق کاشتکاری کی شروعات کی جاسکتی ہے۔ اگر ریاست کے ان علاقوں میں جہاں کاشتکاری کثرت سے کی جاتی ہے اگر بارش نہیں ہوئی تو خشک سالی کا سلسلہ ان علاقوں میں برقرار رہے گا۔